رسائی کے لنکس

کیا بابر اعظم نئی تاریخ رقم کرسکیں گے؟


بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے (فائل فوٹو)
بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 فارمیٹ میں کپتان بابر اعظم کے لیے دورۂ آسٹریلیا ابتدا میں ہی کامیاب ثابت ہونے لگا ہے۔ گو کہ ابھی دونوں ٹیموں کے درمیان صرف دو ٹی 20 میچز ہوئے ہیں لیکن دونوں میچز میں بابر کی نصف سنچریاں انہیں ایک منفرد اعزاز دلانے کا سبب بن گئی ہیں۔

منگل کو آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں بابر نے 38 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 1601 رنز بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

بابر اعظم نے رواں سال پاکستان ٹیم کے ساتھ سمرسیٹ، کراچی کنگز اور سینٹرل پنجاب کی ٹیموں کی بھی نمائندگی کی اور کل 38 میچوں میں 3 سنچریوں اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے 1601 رنز اسکور کیے ہیں۔

اب تک ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ 1665 رنز اسکور کرنے کا اعزاز ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے 2015 میں 36 اننگز میں 1665 رنز اسکور کیے تھے۔

اس حوالے سے دوسرا ریکارڈ بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کے نام ہے جو سال 2016 میں 31 اننگز کے دوران 1614 رنز بنا چکے ہیں۔

بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف جمعہ 8 نومبر کو ہونے والے تیسرے ٹی 20 میں 65 رنز اسکور کرلیں تو وہ کرس گیل ویراٹ کوہلی کے ریکارڈ توڑ کر نیا ریکارڈ بنا سکتے ہیں جو ایک نئی تاریخ بھی ہوگی۔

بابر اعظم سے متعلق کچھ اور اعداد و شمار

بابراعظم ایک کیلنڈر ایئر کے دوران تین سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

وہ انگلینڈ کی کاؤنٹی کرکٹ میں بھی ٹاپ اسکورر تھے جہاں انہوں نے سمرسیٹ کے لیے کھیلتے ہوئے 13 اننگز میں 578 رنز بنائے تھے۔

پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشن میں بابر اعظم نے کراچی کنگز کی نمائندگی کی اور 11 اننگز میں 335 رنز بنائے جب کہ حال ہی میں ختم ہونے والے قومی ٹی 20 کپ میں بابر اعظم نے سینٹرل پنجاب کے لیے کھیلتے ہوئے چار اننگز میں 219 رنز اسکور کیے تھے۔

بابر اعظم کو ان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت دورۂ آسٹریلیا سے قبل ٹی 20 فارمیٹ کا کپتان نامزد کیا گیا تھا جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان سرفراز احمد کو ان کی "ناقص کارکردگی" کے باعث کپتانی سے ہٹا دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG