رسائی کے لنکس

منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری


فائل
فائل

اُن سمیت دیگر ملزمان پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے 35 ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو حکم دیا ہے کہ ملزمان کو 4 ستمبر تک گرفتار کرکے پیش کیا جائے

کراچی کی ایک بینکنگ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر مفرور ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں.

اسی کیس میں، عدالت نے ’اومنی گروپ‘ کے سربراہ انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے. انور مجید اور ان کے بیٹے کو گزشتہ روز اسلام آباد سے گرفتار کرکے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔

ان ملزمان پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے 35 ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے.

عدالت نے ایف آئی اے کو ملزمان کو 4 ستمبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

کیس میں دیگر مفرور ملزمان میں نمر مجید، اسلم مسعود، عارف خان، نصیر عبداللہ حسین لوتھا، عدنان جاوید، محمد عمیر، محمد اقبال آرائیں، اعظم وزیر خان، زین ملک اور مصطفیٰ ذوالقرنین سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔

اسی کیس میں پیپلز پارٹی کی ایک اور رہنما اور آصف زرداری کی بہن، نو منتخب رکن اسمبلی فریال تالپور نے ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

معاملہ سامنے آنے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے اس پر ازخود نوٹس لیا تھا، جبکہ اسی کیس میں گواہوں کو ہراساں کرنے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG