رسائی کے لنکس

بلوچستان: لاک ڈاﺅن میں نرمی، دُکانیں کھولنے کی اجازت


Coronavirus in Pakistan
Coronavirus in Pakistan

لاک ڈاﺅن میں نرمی کرتے ہوئے، بلوچستان کی حکومت نے صوبہ بھر میں تمام شاپنگ مالز، مارکیٹوں، دکانوں گودام، آٹو ریپئر شاپس اور ہیر کٹنگ سیلونز کو آج ہفتے کے روز صبح 3 بجے سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک اعلامیے کے مطابق، مجاز حکام کی منظوری سے لاک ڈائون کے حوالے سے4 مئی کے اعلامیہ میں ترمیم کی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق، صوبے بھر میں تمام شاپنگ مالز، مارکیٹس، دکانوں، گودام آٹو ریپئر شاپس اور ہیر کٹنگ سیلونز کو تمام ہفتہ صبح 3 بجے سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔ تاہم، شام 5 بجے کے بعد یہ کاروبار کھولے رکھنے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اعلان میں کہا گیا ہے کہ تندور، ڈیری پروڈکٹس، شاپس، میڈیکل سٹورز، بلڈ بینک اور ٹیلر شاپس کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔ ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو بھی صرف ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس کے لیے 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈائون میں کی جانے والی نرمی تاجروں اور عوام کی احتیاطی تدابیر کی 'ایس او پیز' پر عملدرآمد سے مشروط ہوگی، جس میں دکانوں اور مالز میں ورکرز اور گاہک کے لیے ہاتھ دھونے، سینیٹائیزر کی فراہمی اور ماسک اور گلوز کا استعمال لازم ہے۔

کسی بھی گاہک کو بغیر ماسک دکان یا شاپنگ مال میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گاہک اور ورکرز کے درمیان ایک میٹر کا فاصلہ ضروری ہو گا۔ کسی بھی دکان میں بیک وقت 4 سے زائد افراد جمع نہیں ہونگے اور کووڈ-19 کے حوالے پہلے سے جاری کی گئی تمام ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہو گا۔

یہ نوٹیفیکشن تمام صوبے میں فوری طور پر نافذ العمل رہے گا۔

محکمہ داخلہ کی طرف سے خبرنامہ جاری کرنے سے پہلے صوبائی وزیر سلیم احمد کھوسہ؛ رکن صوبائی اسمبلی اصغر اچکزئی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ آئی جی پولیس اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں لاک ڈاﺅن میں نرمی کرنے اور بعض اشیا سے متعلق کاروبار کھولنے کے حوالے بات چیت کی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ مکمل لاک ڈائون کو سمارٹ لاک ڈائون میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس کے لیے دکاندار حضرات اور تاجر تنظیم احتیاطی تدابیر کے ضابطہ کار پر عملدرآمد کرنے کی پابند ہوں گی۔

ایک اور اعلان میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں اب تک 1876 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 24 افراد وفات پا چکے ہیں؛ اور 222 افراد کرونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اب تک کرونا وائرس صوبے کے مختلف اضلاع میں پھیل چکا ہے ان میں کوئٹہ میں 1603، قلعہ عبداللہ میں 4، چمن میں 32، پشین میں66، ژوب میں 2، قلعہ عبداللہ میں 3، موسیٰ خیل میں 1، زیارت میں 8، لورالائی میں 10، کوہلو میں 1، ہرنائی میں 2، ڈھاڈر میں 1، سبی میں 14، ڈیرہ اللہ یار میں25، صحبت پور، خضدار، گوادر میں ایک ایک، لسبیلہ میں 22؛ پنجگور میں 4، مستونگ میں 20 نوشکی 6 خاران، تفتان دو دو چاغی میں 7 کرونا وائرس کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG