رسائی کے لنکس

برینٹن ٹیرینٹ نے گذشتہ سال پاکستان کا دورہ کیا تھا


ریکارڈ کے مطابق، یہ شخص ہنزہ کے قریب نگر کے علاقہ میں دو دن قیام پذیر رہا اور اس کے بعد روانہ ہوگیا۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں فائرنگ کرنے کے مبینہ منصوبہ ساز برینٹن ٹیرینٹ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ گذشتہ سال اس نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

پاکستان میں اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بہت سی تصاویر زیر گردش ہیں جن میں برینٹن ٹیرینٹ پاکستان کے زیرانتظام شمالی علاقہ جات میں دیکھا جاسکتا ہے۔ برینٹن ٹرینٹ کو 19 اکتوبر 2018 کو فارنرز رجسٹریشن کارڈ جاری کیا گیا جس کے مطابق اس کا ویزہ رواں سال 2 مارچ تک قابل استعمال تھا۔ اس کارڈ پر اس کا پاسپورٹ نمبر پی اے 5027888 تحریر ہے اور اس کی نشینلٹی آسٹریلیا درج ہے۔

سوشل میڈیا پر برینٹن ٹیرینٹ کی ہنزہ کے علاقہ نگر کے ایک ہوٹل میں موجودگی کی تصاویر ہیں جو کہ اوشوتھان ہوٹل کے مالک اسرار احمد کے فیس بک پیج سے لی گئی ہیں۔ ان تصاویر پر 23 اکتوبر کی تاریخ درج ہے۔ لیکن اسرار احمد کے فیس بک پیج پر اب 23 اکتوبر کی کوئی پوسٹ موجود نہیں۔

وائس آف امریکہ نے اس حوالے سے اسرار احمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے کوئی بھی بات کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ انہیں اس معاملہ پر بات کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا آیا کس نے منع کیا ہے؟ تو انہوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر بھی بات نہیں کرنا چاہتے۔ فیس بک کے اس صفحہ کے حوالے سے جب ان سے سوال کیا گیا تو انہوں نے تصدیق یا تردید کرنے کے بجائے کہا کہ وہ اس معاملے پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔

اس معاملہ پر شمالی علاقہ جات کی ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر برینٹن ٹیرینٹ کے پاکستان آنے کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ باقاعدہ پاکستانی ویزہ پر ادھر آیا تھا اور ان علاقوں میں غیرملکیوں کا آنا کوئی حیرت انگیز بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی شخص کے دل کے اندر کیا موجود ہے یہ نہیں جانا جا سکتا۔ لیکن، یہ شخص پاکستان میں کسی غیرقانونی امر میں شامل نہ تھا جس کی وجہ سے اس کے اس انتہا پسندانہ اقدام کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

انہوں نے بتایا کہ ریکارڈ کے مطابق یہ شخص ہنزہ کے قریب نگر کے علاقہ میں دو دن قیام پذیر رہا اور اس کے بعد روانہ ہوگیا۔

برینٹن ٹیرینٹ نے اوشوتھان ہوٹل میں قیام کے بعد اس ہوٹل کے مالک اسرار احمد کے فیس بک پیج پر ایک تحریر بھی لکھی جس میں اس کا کہنا تھا وہ پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہا ہے اور اس نے پاکستان کے لوگوں کو بہت رحم دل اور مہمان نواز پایا۔ ہنزہ کی موسم خزاں میں خوبصورتی کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔

برینٹن ٹیرینٹ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بہت سے سیاح دنیا کے دیگر ممالک کا اس لیے چناؤ کرتے ہیں کہ انہیں پاکستان کا ویزہ حاصل کرنے کے لیے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور مختلف دستاویزات دینے کے لیے کہا جاتا ہے، برینٹن نے امید ظاہر کی کہ آئندہ کچھ عرصہ میں وزیر اعظم عمران خان ویزہ پروگرام میں تبدیلیاں لائیں گے جس کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاح پاکستان آئیں گے اور پاکستان کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونگے۔

23اکتوبر کو لکھی گئی یہ تحریر اسرار اوشوتھان کے فیس بک پیج پر لگی تھی، لیکن اب ان کے فیس بک پر 23 اکتوبر کی کوئی پوسٹ موجود نہیں۔

پاکستان میں نجی ٹی وی سما ٹیلی ویژن کے مطابق اسرار احمد نے ان سے بات کرتے ہوئے برینٹن ٹیرینٹ کی پاکستان میں آنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ انہیں بیرینٹن ٹیرینٹ کے ایسے اقدام پر حیرت ہوئی کیونکہ اپنے دو روزہ قیام کے دوران میں نے انہیں ایک اچھا انسان پایا تھا۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہوگئے، نیوزی لینڈ جیسا ملک جسے دنیا میں پرامن ممالک کی فہرست میں دوسرا نمبر حاصل تھا اس واقعہ کی وجہ سے سوگوار ہے اور پوری دنیا میں اس واقعہ کی مذمت کی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG