رسائی کے لنکس

بائرن میونخ نے پی ایس جی کو شکست دے کر یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیت لیا


بائرن میونخ کی جانب سے میچ کا واحد گول کنگسلے کومان نے کیا۔
بائرن میونخ کی جانب سے میچ کا واحد گول کنگسلے کومان نے کیا۔

بائرن میونخ نے یوئیفا چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کو ایک کے مقابلے میں صفر گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں اتوار کو کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا اور پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔

میچ کے 69ویں منٹ میں بائرن میونخ کے 24 سالہ اٹیکر کنگسلے جونیئر کومان نے ایک گول کیا جس کے بعد اسے مخالف ٹیم پر ایک گول کی سبقت حاصل ہو گئی جو مقررہ وقت کے اختتام تک برقرار رہی۔

میچ کے دوران کئی مواقع پر پیرس سینٹ جرمین کے کھلاڑیوں کو مخالف ٹیم کے خلاف گول کرنے کا موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

کنگسلے کومان کا واحد گول ہی فیصلہ کن ثابت ہوا اور اس طرح بائرن میونخ نے چھٹی مرتبہ یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

بائرن میونخ نے آخری مرتبہ 2013 میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ مجموعی طور پر چھٹی مرتبہ یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیت کر بائرن میونخ نے گزشتہ برس کی چیمپئن لیورپول کے چھ مرتبہ اعزاز اپنے نام کرنے کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔

میچ کے بعد سینٹ جرمین ٹیم کے کوچ تھامس ٹچل نے فرانسیسی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جان لڑا کر میچ کھیلا۔ ان کے بقول آپ اپنی ٹیم سے توقعات رکھ سکتے ہیں لیکن میچ کے نتیجے پر کنٹرول نہیں رکھ سکتے۔

یوئیفا چیمئنز لیگ کے فائنل میں واحد گول کرنے والے کومان پیرس میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز پیرس سینٹ جرمین سے کیا تھا۔ تاہم 2014 میں 18 برس کی عمر میں انہوں نے پی ایس جی کو چھوڑ کر یوَنٹس کلب جوائن کر لیا تھا۔

کومان نے کہا کہ فائنل میچ میں گول کر کے انہیں غیر معمولی خوشی محسوس ہو رہی ہے لیکن وہ پیرس کی شکست پر افسردہ بھی ہیں۔

XS
SM
MD
LG