رسائی کے لنکس

طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے سی ای او سمیت کئی اعلیٰ عہدے دار برطرف


طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے سی ای او ڈینیز مولن برگ، جنہیں ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ 23 دسمبر 2019
طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے سی ای او ڈینیز مولن برگ، جنہیں ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ 23 دسمبر 2019

امریکہ کی ایک بڑی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے اپنے سی ای او ڈینیز مولن برگ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی کو اپنے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے مسافر بردار طیارے 737 میکس کے دو حادثوں میں 346 افراد کی ہلاکتوں پر شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مولن برگ کی جگہ چیئرمین ڈیوڈ کیلون کو نیا سی ای او مقرر کیا گیا ہے جو 13 جنوری کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے جبکہ بورڈ ممبر لارنس کیلنر غیر انتظامی چیئرمین بن جائیں گے۔

مولن برگ 2015 سے کمپنی کے سی ای او چلے آ رہے تھے۔

بوئنگ کے انتظامی عہدوں میں تبدیلی کے اس اعلان کے بعد کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں تین فی صد اضافہ ہو گیا ہے۔

ان تبدیلیوں کو مسافر بردار دو طیاروں کے حادثوں سے جوڑا جا رہا ہے۔ ان حادثات کے بعد بہت سی تحقیقات شروع ہوئیں جن میں وفاقی فوجداری مقدمہ بھی شامل ہے جس کا تعلق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی تصدیق سے ہے۔

دسمبر کے شروع میں بوئنگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اگلے سال کے شروع میں بوئنگ 737 میکس ماڈل کی پیداوار بند کر رہا ہے۔

فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے مولن برگ کی برطرفی پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ادارہ بین الاقوامی ہوابازی کے تحفظ سے متعلق قوانین کے لیے کام کرتا رہے گا تاکہ مجوزہ تبدیلیوں کو روبہ عمل لایا جا سکے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیج سلامتی ہے اور ہم اس بارے میں کوئی نظام الاوقات مقرر نہیں کر سکتے کہ یہ کام کب تک مکمل ہو جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم یہ توقع کرتے ہیں کہ بوئنگ کمپنی ایف اے اے کی جانب سے بھیجے گئے ریویو کے ڈیٹا، ٹائم لائن اور معیار پر اپنی توجہ مرکوز رکھے گی۔

بوئنگ نے اپنے کمرشل طیاروں کے یونٹ کے سربراہ کیو نمک السٹر کو بھی تبدیل کر دیا ہے۔ ان کی جگہ سٹین ڈیل کو تعینات کیا گیا ہے جو گزشتہ تین عشروں سے کمپنی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG