رسائی کے لنکس

سوشانت سنگھ کو خود کشی پر اکسانے کا الزام، ساتھی اداکارہ گرفتار


ریہا چکرورتی کو بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے مسلسل تین دن تفتیش کے بعد گرفتار کیا ہے۔
ریہا چکرورتی کو بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے مسلسل تین دن تفتیش کے بعد گرفتار کیا ہے۔

بالی وڈ کے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے کیس میں ایک نیا موڑ آ گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران سوشانت کی گرل فرینڈ ریہا چکرورتی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ریہا چکرورتی کو بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے مسلسل تین دن تفتیش کے بعد گرفتار کیا ہے۔

ریہا چکرورتی پر سوشانت سنگھ راجپوت کو مبینہ طور پر خود کشی پر اکسانے اور منشیات فراہم کرنے کے الزامات ہیں۔

این سی بی نے ریہا چکرورتی کے بھائی شووک چکرورتی اور سوشانت کے ہاؤس مینیجر سیموئل مرنڈا کو بھی پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے۔

ریہا پر اپنے بھائی شووک، سوشانت سنگھ کے مینیجر سیموئیل مرنڈا اور باورچی دپیش ساونت کی مدد سے سوشانت کے لیے چرس کا انتظام کرنے کے الزامات ہیں۔

'این سی بی' نے منگل کو عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ریہا چکرورتی منشیات فراہم کرنے والے سرگرم گروہ کا حصہ ہیں۔

'این سی بی' نے ریہا کو اپنی تحویل میں لینے کے بجائے اُنہیں عدالت کی تحویل میں دینے کی استدعا کی۔ جس کے بعد مجسٹریٹ نے ریہا چکرورتی کو 22 ستمبر تک عدالتی تحویل میں دے دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریہا چکرورتی کے وکیل ستیش منی شیندے کی جانب سے بدھ کو سیشن کورٹ میں درخواست دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

انہوں نے ریہا کی گرفتاری کو انصاف کو مسخ کرنے کے مترادف قرار دیا۔

ریہا پر جرم ثابت ہونے کی صورت میں اُنہیں کم ازکم 10 سال اور زیادہ سے زیادہ 20 سال اور ایک لاکھ روپے جرمانے تک کی سزا ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت رواں برس 14 جون کو ممبئی میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ اُن کی مبینہ خودکشی کے بعد ان کے خاندان نے سوشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریہا چکرورتی کو اس کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

سوشانت کے اہل خانہ نے موت کی تحقیقات جاری رکھنے کی بھی درخواست دائرکی تھی۔

سوشانت سنگھ کی موت کے حوالے سے تحقیقات سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کر رہی ہے۔

سوشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کے بعد سے ہی ریہا چکرورتی کا نام خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔

سوشانت سنگھ راجپوت: فائل فوٹو
سوشانت سنگھ راجپوت: فائل فوٹو

بھارت کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں ریہا کی طلبی کی وجہ اُن کے اکاؤنٹ میں پندرہ کروڑ بھارتی روپوں کی مشکوک ٹرانزکشن بنی جس پر مذکورہ محکمے نے ریہا چکرورتی سمیت پانچ افراد کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا۔

مقدمہ بہار پولیس میں سوشانت سنگھ کے والد کے کے سنگھ کی اس درخواست کے بعد درج کیا گیا تھا جس میں انہوں نے ریہا چکرورتی پر سوشانت کے اکاؤنٹ سے پندرہ کروڑ اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

ریہا کے خلاف درخواست میں سوشانت سے پیسے اینٹھنے، انہیں ذہنی دباؤ دینے اور خودکشی پر آمادہ کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔

ریہا چکرورتی نے تمام الزامات سے انکار کرتے ہوئے سوشانت سنگھ کے اہلِ خانہ پر جوابی الزامات عائد کیے تھے۔

ریہا نے سوشانت کی بہن پریانکا پر سوشانت کو غیر قانونی طور پر نشہ آور ادویات فراہم کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG