رسائی کے لنکس

بوکو حرام کے حملے میں چاڈ کے 23 فوجی ہلاک


دماسق کے قصبے میں ایک مسجد پر بوکر حرام کا جھنڈا لہرا رہا ہے۔ فائل فوٹو
دماسق کے قصبے میں ایک مسجد پر بوکر حرام کا جھنڈا لہرا رہا ہے۔ فائل فوٹو

بوکوحرام کے جنگجوؤں نے رات کے حملے میں 23 چاڈ کے فوجی ہلاک کر دئے ہیں۔ چاڈ کے فوجی ذرائع کے مطابق یہ حملہ جمعے کی رات ہوا اور یہ اسلامی شدت پسندوں کی جانب سے چاڈ میں اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہے۔

انتہا پسند گروپ بوکو حرام نائجیریا کے شمال مشرق میں پچھلے دس برس سے لڑ رہا ہے۔ یہ گروپ نائجیر، چاڈ اور کیمرون کی سرحدوں پر مسلسل شدت پسند کارروائیاں کرتا رہتا ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز سے بات کرتے ہوئے چاڈ کے فوجی ذرائع نے بتایا کہ جمعے کا حملہ دانگاگلا کے علاقے میں ہوا جو چاڈ جھیل کے نزدیک ہے۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے نائجیر کی سرحد پار کرنے کے بعد چاڈ کے فوجیوں پر رات کی تاریکی میں حملہ کیا۔

چاڈ کی فوج کے ترجمان نے حملے اور ہلاکتوں کی اطلاعات پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

چاڈ کے فوجی امریکی تربیت یافتہ مغربی افریقی ٹاسک فورس کا حصہ ہیں جو بوکو حرام کے خلاف لڑنے کے لئے بنائی گئی۔

پچھلے دس برس کے دوران بوکو حرام کی پرتشدد کارروائیوں میں 30 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 20 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

XS
SM
MD
LG