رسائی کے لنکس

پاکستان کی چٹاگانگ ٹیسٹ پر گرفت مضبوط


عابد علی 56 اور عبداللہ شفیق 53 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
عابد علی 56 اور عبداللہ شفیق 53 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے چٹاگانگ ٹیسٹ میں مہمان پاکستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے جواب میں بابر الیون نے بغیر کسی نقصان کے 109 رنز بنا لیے ہیں۔

چٹاگانگ ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس کے جواب میں پاکستانی اوپنرز نے دن کے اختتام تک پہلی وکٹ پر 109 رنز کی شراکت قائم کر لی ہے۔

عابد علی 56 اور عبداللہ شفیق 53 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے مزید 93 رنز درکار ہیں اور میزبان بنگلہ دیش کو میچ میں کامیابی کے لیے دس وکٹیں لینا ہوں گی۔

پیر کو چوتھے دن کے کھیلا کا آغاز ہوا تو مشفق الرحیم 12 اور یاسر علی آٹھ رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں نے مجموعی اسکور میں چار رنز کا ہی اضافہ کیا تھا کہ حسن علی کی شاندار گیند پر مشفق الرحیم بولڈ ہو گئے۔

یاسر علی اور وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس نے چھٹی وکٹ پر مزاحمت جاری رکھی لیکن 90 کے مجموعی اسکور پر یاسر زخمی ہونے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد آنے والے بلے باز مہدی حسن گیارہ، نورالحسن 15 اور لٹن داس 59 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کھیل کے چوتھے روز بنگلہ دیش کے بلے باز اپنی دوسری اننگز میں 118 رنز کا ہی اضافہ کرسکے اور اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ، ساجد خان نے تین اور حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 330 رنز بنائے تھے جب کہ مہمان ٹیم 286 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG