رسائی کے لنکس

کرونا وائرس کی وبا اور مجازی اجتماعات


کہتے ہیں کہ انسان سماجی حیوان ہے۔ ایک دوسرے کے بغیر زیادہ عرصہ نہیں رہ سکتا۔ لیکن کوویڈ نائنٹین سے بچاؤ کے لیے ایک دوسرے سے فاصلے پر رہنا ضروری قرار پایا ہے۔ اس صورتحال کا اب یہ حل نکالا گیا ہے کہ لوگ ورچول گیدرنگ یا مجازی اجتماعات منعقد کررہے ہیں۔

ایسے اجتماعات نہ صرف سیاسی بلکہ سماجی، امدادی اور مذہبی امور کے لئے بھی منعقد کئے جارہے ہیں۔

سم ابرار خان
سم ابرار خان

رمضان میں ہر سال ان دنوں افطار پارٹیوں کی بہار ہوتی ہے۔ لیکن کرونا وائرس کی وبا میں ان کا انعقاد کیسے ہو؟ لوگوں نے اس کا بھی حل نکال لیا۔ نیوجرسی کے معروف سماجی رہنما سیم ابرار خان نے ورچول افطار پارٹی کا اہتمام کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لوگ جمع ہوں گے، تقاریر ہوں گی اور چندہ جمع کیا جائے گا۔

یہ افطار ڈنر امریکن مسلم کونسل کے زیر انتظام ہوگا جو ایک سیاسی پلیٹ فارم ہے اور گزشتہ آٹھ سال سے بین المذاہب افطار ڈنر کا اہتمام کرتی رہی ہے۔ اس میں پاکستان سے بھی لوگ شریک ہوں گے۔ اس کے تحت نیوجرسی میں چار سو اور پاکستان میں کم از کم پانچ سو مستحقین کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔

سیم ابرار خان نے بتایا کہ وبا کی وجہ سے کمیونٹی کی تمام سرگرمیاں معطل ہیں۔ ایسے میں انھوں نے ویب نار کا اہتمام کیا جس کا مقصد کوویڈ نائنٹین کے بارے میں آگاہی فرام کرنا تھا۔

پاکستان امیریکن کونسل کے تحت اس ویب نار میں مقامی، ریاستی اور وفاقی انتظامیہ کے نمائندے شریک ہوئے اور انھوں نے بتایا کہ کس طرح اپنی زندگیوں کو بچانا ہے، کیوں گھروں پر رہنا ضروری ہے اور انتظامیہ کیا اقدامات کررہی ہے۔

ورچول گیدرنگ
ورچول گیدرنگ

ویب نار میں قبرستان اور فیونرل ہوم کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا جنھوں نے بتایا کہ کوویڈ نائنٹین کے شکار لوگوں کی تدفین کے لئے کیا اقدامات کئے جائیں۔

کرونا وائرس بحران کے دوران واٹس ایپ، اسٹریم یارڈ، زوم اور سوشل میڈیا کے دوسرے پلیٹ فارم سے بھی ویب نار کا سلسلہ جاری ہے۔ متعدد صحافیوں اور پیشہ ورانہ تنظیمیں اپنے فلاحی اور پیشہ ورانہ امور پر لیکچر کے لئے ویب نار کا سہارا لے رہی ہیں۔ سماجی تنظمیوں بھی چندے کے لیے سوشل میڈیا کو استعمال کررہی ہیں۔

احتیاطی تدابیر کے طور پر مذہی عبادت گاہیں بند پڑی ہیں اس لئے متعدد علما آن لائن تراویح پڑھا رہے ہیں۔ کاروباری افراد کے اجلاس، ٹیلی میڈیسن کے لئے ڈاکٹرز اور مریضوں کی ملاقات اور دیگر اجتماعات بھی آن لائن منعقد کئے جارہے ہیں۔

خبررساں ادارے رائٹر کے مطابق سماجی میڈیا کے پلیٹ فارم زوم کی سبسکریپشن صرف مارچ میں ایک کروڑ سے بڑھ کر بیس کروڑ تک پہنچ گئی اور اسی لیے اس کے شیئر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسٹریم یارڈ کی سبسکریپشن میں بھی غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم اپنے صارفین کو تربیت دیتا ہے کہ کس طرح اسے استعمال کرکے فنڈریزنگ کی جاسکتی ہے۔

پاکستان سافٹ ویئر ایسوسی ایشن کے سابق صدر حمزہ متین کہتے ہیں کہ کوویڈ نائنٹین کے بعد کی دنیا بدلی ہوئی ہوگی۔ لوگوں کے میل ملاپ کے انداز بدل جائیں گے۔ کاروباری، سماجی اور دیگر ادارے سماجی میڈیا کو باہم ملاقات اور رابطے کے لئے استعمال کریں گے کیونکہ یہ ذریعہ سستا، تیز رفتار اور محفوظ ہوگا اور حالیہ بحران کے دوران اس کی افادیت ثابت ہوگئی ہے۔ کاروباری ادارے دفاتر کے بھاری اخراجات بچانے کی کوشش کریں گے اور عام لوگ آن لائن خرید وفروخت کو ترجیح دیں گے۔

XS
SM
MD
LG