رسائی کے لنکس

انسپکٹر چلبل پانڈے کی واپسی


Salman Khan Dabangg
Salman Khan Dabangg

بولی ووڈ کا دبنگ ہیرو چلبل پانڈے ایک بار پھر دھوم مچانے آگیا ہے۔ بھارت اور دنیا بھر میں سلمان خان کے پرستار ان کی نئی فلم دبنگ تھری دیکھنے کے لیے جوق در جوق سینما گھر پہنچ رہے ہیں۔

20 دسمبر کو نمائش کے لیے پیش کی گئی فلم نے 4 دن میں 150 کروڑ کمالیے۔ اس سلسلے کی پہلی فلم نے 219 کروڑ اور دبنگ ٹو نے 252 کروڑ کمائے تھے۔ فلمی مبصرین کا خیال ہے کہ دبنگ تھری دونوں سے زیادہ بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

دبنگ سیریز کا آغاز 2012 کی ایکشن کامیڈی فلم سے ہوا تھا۔ اس بار بھی سلمان خان کی ہیروئن سوناکشی سنہا ہیں جبکہ ان کے بھائی ارباز خان کاسٹ کا حصہ ہونے کے علاوہ پروڈیوسر بھی ہیں۔ فلم کو ماضی کے ڈانسنگ ہیرو پربھو دیوا نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

فلم کو ہندی کے ساتھ کناڈا، تامل اور تیلگو زبانوں میں بھی ریلیز کیا گیا ہے۔

دبنگ سیریز کی پہلی فلم کا گیت منی بدنام ہوئی بہت مقبول ہوا تھا۔ اس بار اسی طرح کا گیت منا بدنام ہوا فلم میں شامل کیا گیا ہے۔

سنجیدہ مبصرین کو دبنگ تھری زیادہ پسند نہیں آئی۔ نیویارک ٹائمز نے فلم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے منظر سے آخری سین تک سلمان خان ناچتے گاتے یا مجرموں کی پٹائی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن، فلم میں کہانی نام کی کوئی شے نہیں۔

سلمان خان کے مداح ان پر تنقید سے متاثر نہیں ہوتے۔ فلم جیسی بھی ہو، وہ دیکھنے ضرور جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اچھے تبصرے نہ ہونے کے باوجود فلم نے چند دن میں 150 کروڑ کمالیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG