رسائی کے لنکس

پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلہ، کم سن بچی ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی ارضیاتی سروے نے زلزلے کی شدت 1ء6 بتائی ہے جس کے جھٹکے سروے کے مطابق پاکستان کے علاوہ بھارت اور افغانستان تک میں محسوس کیے گئے۔

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں بدھ کی دوپہر آنے والے زلزلے سے ایک کم سن بچی ہلاک جب کہ ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پاکستان کے محکمۂ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز کوہِ ہندوکش میں 178 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت اسلام آباد، صوبہ پنجاب کے وسطی علاقوں خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، قبائلی علاقوں اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے۔

بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں زلزلے کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے سے تقریباً دو ماہ کی ایک بچی ہلاک ہوگئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث لسبیلہ کے علاوہ پشاور کے مضافات میں اسکولوں اور بعض مکانات کی دیواریں گرنے سے بچوں سمیت کم از کم 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

امریکی ارضیاتی سروے نے بھی زلزلے کی شدت 6.1 بتائی ہے جس کے جھٹکے سروے کے مطابق پاکستان کے علاوہ بھارت اور افغانستان تک میں محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے باعث لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق بدھ کی دوپہر آنے والے اس زلزلے سے قبل صبح دس بجے کے قریب جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں 4.9 شدت کا ایک زلزلہ آیا تھا۔

XS
SM
MD
LG