رسائی کے لنکس

انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دے دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انگلینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں مہمان آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ اولڈ ٹریفورڈ میں اتوار کو کھیلا گیا۔ میزبان انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مقررہ 50 اوورز میں انگلش ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنا سکی۔

انگلینڈ کی جانب سے این مورگن 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ عادل رشید نے 35 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں سے جیسن رائے 21، جو روٹ 39، جونی برسٹو صفر، کرس ووکس 26، جوز بٹلر تین، سیم بلنگ آٹھ اور سیم کران 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے تین، مچل اسٹارک 2، مچل مارش، پیٹ کمنس اور جوش ہیزلی وڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کی جانب سے 232 رنز کا ہدف بظاہر معمولی دکھائی دیا لیکن انگلش بالروں نے کم ہدف کا بھی بھرپور انداز میں دفاع کیا اور آسٹریلیا کی پوری ٹیم ہدف کے تعاقب میں 48 اعشاریہ چار اوورز میں 207 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نو کے مجموعی اسکور پر صرف چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز مارکس اسٹونس بھی نو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

تیسری وکٹ پر کپتان ایرون فنچ نے مارنس لبسچگنی کے ساتھ 107 رنز کی شراکت قائم کی تو انگلینڈ کی شکست یقینی دکھائی دینے لگی۔ تاہم 144 کے مجموعی اسکور پر لبسچگنی کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور پوری ٹیم 209 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ نے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔ الیکس کیری 36 اور پینٹ کمنس 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ چھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہو سکے۔

میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر فاسٹ بالر جوفرا آرچر کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ انہوں نے 10 اوورز میں 34 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 16 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG