رسائی کے لنکس

یورپی یونین کے وزرا نے تاریخی دفاعی سمجھوتے پر دستخط کردیے


اس میں عہد کیا گیا ہے کہ یورپی یونین کے فوجی مشنز کے لیے رکن ممالک اہل کار، آلات، تربیت اور زیریں ڈھانچے کی فراہمی کے ضمن میں ’’قابل ذکر مدد‘‘ دیں

یورپی یونین کے 28 میں سے 23 ملکوں کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع نے پیر کے روز برسلز میں ایک تاریخ ساز دفاعی سمجھوتے پر دستخط کیے، جس کا مقصد برطانیہ کی علیحدگی کے بعد تنظیم میں تعاون جاری رکھنا اور روسی دباؤ کا تدارک کرنا ہے۔

یورپی یونین کا قانونی درجہ حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تنظیم دسمبر میں اس کی توثیق کرے۔

سمجھوتے کی رو سے ایک مستقل باضابطہ تعاون کے لیے کہا گیا ہے، جس کا مقصد یورپی یونین کو ایک زیادہ مربوط کردار حوالے کرنا ہے، تاکہ بین الاقوامی بحران سے نبردآزما ہوا جاسکے، جس کے لیے گذشتہ جون میں 6.4 ارب ڈالر مالیت کا یورپی دفاعی فنڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس میں عہد کیا گیا ہے کہ یورپی یونین کے فوجی مشنز کے لیے رکن ممالک اہل کار، آلات، تربیت اور زیریں ڈھانچے کی فراہمی کے ضمن میں ’’قابل ذکر مدد‘‘ دیں۔

سمجھوتے میں اس بات کا عزم کیا گیا ہے کہ ’’فی الواقع اور باقاعدگی سے دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔ ساتھ ہی، دفاعی اخراجات کے لیے قومی وسائل کا 20 فی صد مختص کیا جائے گا جو سہولیات بہم پہنچانے کی صورت میں ہوگا، جب کہ دو فی صد تحقیق اور ٹیکنالوجی پر خرچ کیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG