رسائی کے لنکس

تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست، نیوزی لینڈ نے تیسرا میچ اور سیریز بھی جیت لی


نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کین ولیمسن ون ڈے انٹرنیشنل کی ٹرافی کے ساتھ ۔ کراچی ۔ 13 جنوری 2023
نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کین ولیمسن ون ڈے انٹرنیشنل کی ٹرافی کے ساتھ ۔ کراچی ۔ 13 جنوری 2023

نیوزی لینڈ نے پاکستان کی طرف سے دیا گیا 281 رنز کا ہدف 8 وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا جب کہ ابھی 11 گیندوں کا کھیل باقی تھا جس سے اس نے تیسرا میچ اور یہ سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

نیوزی لینڈ کی فتح میں گیلن فلپس کی 63 رنزکی ناقابل شکست اننگز کا نمایاں کردار رہا، انہوں نے بیٹنگ کے دوران 4 چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔

دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں اوپنر وین کونوے 52 اور ولیم سن 53 شامل ہیں، ڈیرل مچل 31 اور فن ایلن 25 نے پاکستانی بالروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔

پاکستانی ٹیم کے محمد وسیم جونیئر اور آغا سلمان نے 2، 2 جب کہ محمد نواز اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 3 میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے مقررہ 50 اوور میں 9 وکٹ پر 280 رنز بنائے اور مہمان ٹیم کے لیے 281 رنز کا ہدف سیٹ کیا تھا۔۔

میزبان ٹیم کےدو بیٹرز ابتدا میں ہی آوٴٹ ہوگئے تھے جب چار سال بعد ٹیم میں کم بیک کرنے والے شان مسعود بغیر کوئی رنز بنائے جب کہ کپتان بابر اعظم چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

کپتان بابر اعظم اور شان مسعود کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان اور محمد رضوان نے بڑی شراکت داری قائم کی۔ محمد رضوان 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حارث سہیل نے 22، آغا سلمان نے 45 اور محمد نواز نے آٹھ رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 10 اوورز میں 56 رنز دے کر تین، لوکی فرگوسن نے 10 اوورز میں 63 رنز دے کر دو، مچل سینٹنر نے 10 اوورز میں 64 رنز، ایش سودھی نے 50 رنز دے کر ایک جب کہ مچل بریسویل نے 10 اوورز میں 44 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں۔ امام الحق اور نسیم شاہ کی جگہ شان مسعود اور محمد حسنین کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

دونوں ٹیمیں سیریز میں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں اور سیریز کے آخری میچ کے لیے کسی کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں تھی۔

لیکن قسمت نے پاکستانی ٹیم کا ساتھ نہیں دیا اور فخر زماں کی سینچری بھی پاکستان کو تیسرے میچ میں فتح دلانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

XS
SM
MD
LG