رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ: آبشار میں گرنے سے گیارہ ہاتھی ہلاک


ڈروں سے حاصل ہونے والی تصویر سے حادثے میں بچ جانے والا ایک زندہ ہاتھی دکھائی دے رہا ہے۔ جب کہ ایک ڈوب جانے والا ہاتھی بھی نظر آ رہا ہے۔
ڈروں سے حاصل ہونے والی تصویر سے حادثے میں بچ جانے والا ایک زندہ ہاتھی دکھائی دے رہا ہے۔ جب کہ ایک ڈوب جانے والا ہاتھی بھی نظر آ رہا ہے۔

تھائی لینڈ میں پانچ ہاتھی آج منگل کے روز 200 میٹر کی بلندی سے آبشار میں گر کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل 6 ہاتھی اسی مقام سے گر کر مر گئے تھے، جس کے بعد اس حادثے میں ہلاک ہونے والے ہاتھیوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز ہاتھیوں کا ایک گروپ پہاڑ کی چوٹی سے دریا پار کر رہا تھا کہ تندو تیز آندھی کے جھکڑوں نے انہیں دھکیل کر 200 میٹر بلند چوٹی سے ہیو ناروک آبشار میں گرا دیا۔ اس ڈار میں سے صرف دو ہاتھی ہی زندہ بچ سکے۔

یہ آبشار تھائی لینڈ کے پہاڑی علاقے کے ایک نیشنل پارک میں موجود ہے۔

اس حادثے کو تھائی لینڈ میں وائلڈ لائف کے لئے ایک بڑا دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل 1992 میں بھی اسی مقام پر ایک ایسے ہی ایک حادثے میں 8 ہاتھی ہلاک ہو گئے تھے۔

علاقے کے گورنر ناخورن نایوک نے رپورٹروں کو بتایا کہ یہ ایک دشوار گزار علاقہ ہے۔ جس کی وجہ سے حادثے کی تحقیقات کے لئے چھوٹے سائز کے ڈرون استعمال کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ آبشار تک پیدل پہنچ کر ہاتھیوں کی اموات کی تصدیق کرنا ممکن نہیں تھا۔ اس لیے سطح زمین سے 15 میٹر کی بلندی پر پرواز کرنے والے ڈرونز سے سے حاصل کردہ فوٹیج کا تجزیہ کیا گیا جس سے ہفتے کے روز ہلاک ہونے والے چھ ہاتھیوں کے بعد پانچ مزید ہاتھیوں کی ہلاکت کی بھی تصدیق ہوئی۔

گورنر کا کہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق اس ڈار میں کل 13 ہاتھی شامل تھے جن میں سے زندہ بچ جانے والے دو ہاتھیوں کو حادثے کے مقام پر خوراک تلاش کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

تھائی لینڈ میں ہاتھیوں کی کل تعداد کا تخمینہ 3,500 سے 3,700 کے درمیان لگایا جاتا ہے۔

تھائی لینڈ کا یہ نیشنل پارک 772 مربع میل رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور وہاں 300 کے لگ بھگ ہاتھی موجود ہیں۔

تھائی لینڈ کے وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد حکومت نے اس دشوار گزار علاقے میں ہاتھیوں کے لئے باقاعدہ گزرگاہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثوں کی روک تھام کی جا سکے۔

XS
SM
MD
LG