رسائی کے لنکس

ایران سرحد پر پاکستانی فوج کے قافلے پر حملہ، چار اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں سرحد کے قریب ایرانی سرزمین سے کیے گئے 'دہشت گرد 'حملے میں اس کے چار اہل کار ہلاک ہو گئے ہیں۔

بدھ کو افواجِ پاکستان کے ترجمان ادارے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ سرحد پر معمول کی پیٹرولنگ کر رہا تھا۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ بلوچستان کے ضلع پنجگور کے چکاب سیکٹر میں پیش آیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ'' دہشت گردوں نے ایران کی سرزمین سے فوجی قافلے کو ٹارگٹ کیا۔''بیان میں ایرانی حکام سے دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ایرانی حکام کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قومی دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے۔

وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی چار سیکیورٹی اہل کاروں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG