رسائی کے لنکس

گلاسکو: چھ افراد پر چاقو سے حملہ کرنے والے کو پولیس نے گولی مار دی


گلاسکو میں چاقو سے مسلح شخص کے حملے کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
گلاسکو میں چاقو سے مسلح شخص کے حملے کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسکو میں جمعے کے روز چاقو سے مسلح ایک شخص نے چھ افراد کو چاقو کے وار کر کے زخمی کر دیا، جس کے بعد وہ پولیس کی گولی سے مارا گیا۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، ایک عینی شاہد نے سکائی نیوز کو بتایا ہے کہ اس نے اس واقعہ کے بعد شہر کے مرکزی حصے کے ایک ہوٹل میں خون سے لت پت کئی افراد کو دیکھا جنہیں ایمرجینسی سروس کے اہل کار ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہے تھے۔ اس نے بتایا کہ حملے کے چند منٹ کے اندر ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعہ میں صرف حملہ آور ہلاک ہوا ہے، جب کہ اس سے قبل کی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ چاقو کے حملے میں دو لوگ بھی مارے گئے ہیں۔

سکاٹ لینڈ پولیس کے اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل سٹیو جانسن نے بتایا کہ اس حملے کو پھیلنے سے روک دیا گیا ہے اور اب لوگوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

سکاٹ لینڈ پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور کو پولیس نے گولی مار دی تھی اور وہ مرچکا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس واقعہ کے سلسلے میں انہیں مزید کسی شخص کی تلاش نہیں ہے۔ اور انہیں یہ دہشت گردی کا واقعہ نہیں لگتا۔

ہوٹل میں موجود ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ یہ ایک خونی منظر تھا۔ اس نے ہر طرف خون بکھرا ہوا دیکھا۔

جان نامی شخص نے بی بی سی کو بتایا کہ میں ہوٹل میں اپنے کمرے میں تھا کہ اچانک نیچے سے چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیں۔ میں خوف زدہ ہو کر نیچے کی طرف بھاگا، جب نیچے پہنچ کر میں نے لفٹ کا دروازہ کھولا تو ہر طرف خون بکھرا ہوا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ زخمی ہونے والے تمام چھ افراد مرد ہیں اور ان کی حالت بہتر ہے۔ صرف ایک پولیس اہل کار کو گہرا زخم آیا ہے۔ تاہم، اس کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے۔

ریڈیسن کا یہ پارک ان ہوٹل کرونا وائرس کی وبا کے دوران ملک میں پناہ کی اجازت سے متعلق درخواست دینے والوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس کے متعلق حکام نے پہلے ہی اپنے خدشات کا اظہار کر دیا تھا۔

وزیر اعظم بورس جانسن نے اس واقعہ پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

پچھلے ہفتے جنوبی انگلیڈ کے شہر ریڈنگ کے ایک پارک میں ایک چاقو بردار شخص نے چاقو گھونپ کر تین افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعہ کو دہشت گردی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG