رسائی کے لنکس

عمران خان کی ایمنسٹی انٹر نیشنل کے سیکرٹری جنرل، زلمے خلیل زاد اور لنڈسے گراہم سے ملاقاتیں


عمران خان ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل کومی نائیڈو سے ملاقات کر رہے ہیں۔
عمران خان ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل کومی نائیڈو سے ملاقات کر رہے ہیں۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے نیویارک میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیم 'ایمنسٹی انٹرنیشنل' کے سیکرٹری جنرل کومی نائیڈو سے ملاقات کی ہے۔

اتوار کو ہونے والی اس ملاقات کے دوران عمران خان نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں حالیہ واقعات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں ایمنسٹی انٹر نیشنل کے کردار کو سراہا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل کومی نائیڈو نے عمران خان کو بھارت کی حکومت کی جانب سے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی عوام تک رسائی اور ان کے کام میں ڈالے جانے والی رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔

یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک ٹوئٹ میں اس ملاقات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ایمنسٹی انٹرنیشل کے سیکرٹری جنرل کو جموں اور کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔

عمران خان نے امریکی وزارت خارجہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد سے بھی ملاقات کی۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق اس ملاقات میں زلمے خلیل زاد نے وزیر اعظم عمران خان کو طالبان کے ساتھ ہونے والے تمام ادوار کے نتائج اور مستقبل کی توقعات سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم عمران خان افغان امن عمل کیلئے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد سے ملاقات کر رہے ہیں
وزیر اعظم عمران خان افغان امن عمل کیلئے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد سے ملاقات کر رہے ہیں

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان سے امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم نے بھی ملاقات کی ہے۔

لنڈسے گراہم اُن چار سینیٹرز میں شامل ہیں جنہوں نے صدر ٹرمپ کے نام خط میں اُنہیں بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی صورت حال کے بارے میں تشویش سے آگاہ کیا تھا۔

بعد ازاں کشمیری رہنماؤں نے عمران خان سے ملاقات کی جس میں کشمیری رہنماؤں نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی ابتر صورت حال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

وفد میں ڈاکٹر غلام نبی فائی، ڈاکٹر غلام میر، ڈاکٹر خالد قاضی، امتیاز خان، عبدالرؤف، سردار سرور خان اور دیگر شامل تھے۔ عمران خان نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ہر سطح پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بلند کریں گے اور وہ پوری دنیا میں کشمیریوں کے سفیر بنیں گے۔

XS
SM
MD
LG