رسائی کے لنکس

داعش پسپائی اختیار کر رہی ہے: اولاں


فرانس کے صدر نے کہا کہ ’’عراق میں دہشت گردی کے خلاف کیے جانے والے اقدام کے باعث، ہماری اپنی سرزمین پر دہشت گرد سرگرمیاں رُک گئی ہیں‘‘

فرانس کے صدر، فرانسواں اولاں نے عہد کیا ہے کہ بہت جلد داعش کو شکست ہوگی۔

اُنھوں نے یہ بات اپنے ایک روزہ دورہٴ عراق کے دوران کہی، جس دِن بغداد کی ایک مصروف مارکیٹ میں ایک خودکش بم حملہ ہوا، جس میں کم از کم 32 افراد ہلاک ہوئے۔

اولاں نےدولت اسلامیہ کے لیے داعش کا عربی مخفف استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ’’داعش پسپائی اختیار کر رہی ہے۔ اور داعش کو شکست ہوگی‘‘۔

پیر کو عراق میں آمد کے کچھ ہی گھنٹوں بعد، مشرقی بغداد کے صدر سٹی کی ایک مارکیٹ میں ایک بم دھماکہ ہوا، جس میں دہاڑی پر کام کرنے والے مزدور موجود تھے۔ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اولاں کے ہمراہ اخباری کانفرنس کے دوران، عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا کہ بم دھماکہ کرنے سے پہلے، خودکش بم حملہ آور نے بتایا کہ وہ اجرت پر مزدوروں کی خدمات حاصل کرنا چاہتا ہے۔

اولاں نے عراقی صدر فواد معصوم سے بھی ملاقات کی اور مقامی اہل کاروں سے ملنے کے لیے کردستان کے خودمختار شمالی علاقے کا سفر کیا۔

اُنھوں نے بغداد میں فرانسیسی فوجوں سے ملاقات کی، جو داعش سے لڑنے کے کام میں عراق کی مدد کر رہی ہیں، اور اُن سے کہا کہ یہ کوششیں اُن کے ملک میں کیے جانے والے دہشت گرد حملوں کو بھی روک رہی ہیں۔ دارالحکومت، بغداد کے قریب واقع عراق کی انسداد دہشت گردی کی ایک تنصیب کے اڈے پر بات کرتے ہوئے، اولاں نے کہا کہ ’’عراق میں دہشت گردی کے خلاف کیے جانے والے اقدام کے باعث، ہماری اپنی سرزمین پر دہشت گرد سرگرمیاں رُک گئی ہیں‘‘۔

XS
SM
MD
LG