رسائی کے لنکس

اسرائیل کے شام اور فلسطین پر فضائی حملے، چار افراد ہلاک


غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملے کے بعد لوگ جمع ہیں۔
غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملے کے بعد لوگ جمع ہیں۔

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے فضائی حملے میں 'اسلامک جہاد تنظیم' کے اہم کمانڈر اور ان کی اہلیہ کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ شام کے دارالحکومت دمشق میں کی جانے والی کارروائی میں جہادی کمانڈر کے بیٹے سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے بھی اسرائیل کی جانب میزائل داغے گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق منگل کو اسرائیل کی جانب سے دمشق میں 'اسلامک جہاد تنظیم' کے عہدیدار کے ٹھکانے پر حملہ کیا گیا ہے جب کہ مذکورہ تنظیم نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حملے میں جہادی کمانڈر اکرم العجوری کے گھر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق حملے میں جہادی رہنما کے بیٹے سمیت دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں اسلامک جہاد کے رہنما باہا ابو العطا کے گھر پر فضائی حملہ کر کے اُنہیں بھی ہلاک کر دیا ہے۔ ان حملوں کے بعد فلسطین میں عسکریت پسندوں نے تل ابیب سمیت مختلف اسرائیلی شہروں کی جانب میزائل داغے ہیں۔

ردِ عمل کے پیش نظر اسرائیلی حکام کی جانب سے جنوبی اور وسطی اسرائیل میں اسکول بند رکھنے کا حکم دے دیا ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ 'اسلامک جہاد' کے کمانڈر باہا ابو العطا اسرائیل میں متعدد کارروائیوں کے ذمہ دار ہیں جبکہ وہ مزید حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ ایران 'اسلامک جہاد' کی پشت پناہی کرتا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے یہ کارروائی منگل کی صبح کی گئی۔
اسرائیل کی جانب سے یہ کارروائی منگل کی صبح کی گئی۔

حماس نے اعلان کیا ہے کہ باہا ابو العطا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور اسرائیل کو اس اقدام کی بھاری قیمت چکانا ہو گی۔

ادھر شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق دمشق کے علاقے دارایا میں کی جانے والی کارروائی میں اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے ایک مکان پر متعدد میزائل داغے گئے۔ اس حملے میں چھ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

اسرائیل شام اور لبنان میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر اب تک متعدد حملے کر چکا ہے۔ اسرائیلی حکام کا مؤقف ہے کہ شام اور لبنان میں ایران نواز عسکریت پسند گروپ اس کی سالمیت اور خود مختاری کے لیے خطرہ ہیں۔

قبلِ ازیں پیر کو بھی اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں ایک فلسطینی ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔

یہ جھڑپیں اس وقت ہوئیں جب فلسطینی مغربی کنارے کے علاقے میں سابق صدر یاسر عرفات کی پندرہویں برسی کے موقع پر احتجاج کر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG