رسائی کے لنکس

اسرائیلی فضائیہ کے شام کی فوجی تنصیبات پر حملے


اسرائیل نے گولان کی پہاڑیوں پر مبینہ مشتبہ سرگرمیوں کے بعد مزید فوجی اہلکار تعینات کیے ہیں۔ (فائل فوٹو)
اسرائیل نے گولان کی پہاڑیوں پر مبینہ مشتبہ سرگرمیوں کے بعد مزید فوجی اہلکار تعینات کیے ہیں۔ (فائل فوٹو)

اسرائیل کی فضائیہ نے شام کی فوج کی کئی تنصیبات پر بمباری کی ہے جب کہ اسرائیلی فوج نے گولان کی پہاڑیوں میں مبینہ طور پر بارود نصب کرنے کی ایک کوشش بھی ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

شام کے سرکاری خبر رساں ادارے 'سانا' کے مطابق اسرائیل کے ہیلی کاپٹرز نے جنوبی شام کے علاقے قنیطرہ میں پیر کی شب شامی فوج کی پوزیشنز کے قریب میزائل داغے۔

رپورٹ کے مطابق فضائی حملے میں صرف تنصیبات کو نقصان پہنچا لیکن وہاں موجود افراد محفوظ رہے۔

اسرائیلی افواج نے کہا ہے کہ اس کے جنگی جہازوں اور ہیلی کاپٹرز نے شام کے ان فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے جہاں سے گولان کے پہاڑی سلسلے میں بارودی مواد بچھانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان میں نگرانی کے لیے قائم چوکیاں، خفیہ معلومات جمع کرنے کا نظام، اینٹی ایئر کرافٹ توپ خانہ اور شام کی فوج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام سے متعلق تنصیبات شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں شام اور اسرائیل میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور اسرائیل تواتر سے شام میں مختلف اہداف کو نشانہ بنا رہ اہے۔

گزشتہ ماہ بھی اسرائیل نے القنیطرہ میں ہی فضائی کارروائی کی تھی۔ اسرائیلی ہیلی کاپٹرز نے سرحد پار ہونے والی فائرنگ سے اسرائیلی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کے بعد شامی اہداف پر حملے کیے تھے۔

دریں اثنا اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گولان کی پہاڑیوں میں بارود نصب کرنے میں ملوث چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے۔

اسرائیل کی فوج کے ایک ترجمان نے صحافیوں کو ٹیلی فونک پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ چاروں افراد شام کی حدود میں تھے اور انہوں نے حفاظتی باڑ عبور نہیں کی تھی۔

ترجمان کے بقول اسرائیل کے کمانڈوز نے اسنائپرز اور رائفلز سے اتوار کی شب گیارہ بجے کارروائی کا آغاز اس وقت کیا جب ان افراد نے در اندازی کی کوشش کی۔ بعد ازاں جنگی طیاروں کی مدد سے فضائی کارروائی بھی کی گئی۔

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ فوج نے شام سے ہونے والے ایک حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل ان سب پر حملہ کرے گا جو اسرائیل پر حملہ آور ہوں گے یا اس پر حملہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں اسرائیل نے لبنان کی سرحد سے بھی در اندازی کا الزام لگایا تھا۔ اسرائیل نے کہا تھا کہ لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کے جنگجووں نے اسرائیل میں داخلے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔ تاہم حزب اللہ نے ایسی کسی بھی کارروائی کی تردید کی تھی۔

اسرائیل کی فضائیہ نے اتوار کو غزہ میں بھی فضائی حملے کیے تھے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ حماس کے زیرِ انتظام غزہ سے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا گیا تھا جس کے جواب میں اس نے کارروائی کی۔

XS
SM
MD
LG