رسائی کے لنکس

’کنگ آف کامیڈی‘ جیری لوئس چل بسے


جیری لوئس نے 1983 میں ’دی کنگ آف کامیڈی ‘میں مشہور اداکار رابرٹ ڈی نیرو کے ساتھ کام کیا۔یہ ان کی کامیاب ترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔

ہالی وڈ کے ’کنگ آف کامیڈی‘ جیری لوئس اس دنیا کو خیرباد کہہ گئے۔ ان کا انتقال لاس ویگاس میں واقع ان کے گھرمیں ہوا۔ کامیڈی کو ایک نیا انداز دینے والے جیری لوئس کی عمر 91 سال تھی۔

جیری لوئس کے پبلسٹ کینڈی کازونے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ’لوئس کی موت طبعی تھی اورانتقال کے وقت خاندان والے ان کے پاس موجود تھے۔‘

’وینٹی فیئر‘ نے جیری لوئس کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ پچاس کے عشرے میں ہالی وڈ پر اپنی مزاحیہ اداکار ی سے راج کرنے والے جیری لوئس ریاست نیو جرسی کے شہر نیورک میں پیدا ہوئے۔ ان کے والدین روسی یہودی تھے۔ دونوں کا تعلق فنونِ لطیفہ سے تھا۔

جیر ی لوئس نے اداکاری کی شروعات پانچ سال کی عمر میں اپنے والدین کے ساتھ اسٹیج پر پرفارمنس سے کی۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کے مطابق جیری لوئس اور اداکار ڈین مارٹن کی جوڑی اپنے وقت کی مقبول ترین جوڑی تھی۔ ان دونوں کی جوڑی نے’ دی اسٹوج‘، ’لیونگ اٹ اپ‘،’تھری رنگ سرکس‘ سمیت 17ہٹ فلمیں ہالی وڈ کو دیں۔

جیری اور ڈین مارٹن کی جوڑی پچاس کے عشرے کے آخر میں ٹوٹ گئی ۔

جیری لوئس کی کامیاب ترین فلموں میں ’دی بیل بوائے‘،’ سنڈرفیلا‘، اور ’دی نٹی پروفیسر‘شامل ہیں۔

جیری لوئس نے 1983 میں ’دی کنگ آف کامیڈی ‘میں مشہور اداکار رابرٹ ڈی نیرو کے ساتھ کام کیا۔یہ ان کی کامیاب ترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔

ان کے انتقال پر متعدد فلمی ستاروں نے انھیں خراج تحسین پیش کیا۔ رابرٹ ڈی نیرو نے اپنے بیان میں کہا ’ جیری کامیڈی اور فلم کے بانی اور دوست تھے۔ میں خوش قسمت ہوں کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران ان سے ملاقات کا موقع ملا۔ اکیانوے سال کی عمر میں بھی ان کی پنچ لائن لوئیس دی کنگ آف کامیڈی تھی۔‘

ہالی وڈ کے مشہور مزاحیہ اداکار جم کیری جیری لوئس سے بہت متاثر تھے۔ جم کیری کا کہنا ہے’ لوئیس یقیناًبہت جینیس تھے۔ میں آج انہی کی وجہ سے اس مقام پر ہوں۔‘

کامیڈین ڈین کوک نے جیری لوئس کواپنا سرپرست قرار دیا۔

فرانسیسی حکومت نے 1983میں جیری لوئس کو ’لیجن آف آنر‘ اور 1984 میں ’کمانڈر آف آرٹس اینڈ لیٹرز ‘کے اعزازات سے نوازا۔

برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کا کہنا ہے کہ جیری لوئس کے انتقال کی خبر کے بعد ان کے مداح ہالی وڈ کی مشہور زمانہ واک آف فیم پرجیر ی لوئس کے نام کے ستارے پر پھول رکھتے اور تصاویر بناتے رہے۔

XS
SM
MD
LG