رسائی کے لنکس

کراچی میں مہران بیس کا کمانڈر تبدیل


کراچی میں مہران بیس کا کمانڈر تبدیل
کراچی میں مہران بیس کا کمانڈر تبدیل

پاکستانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ کراچی میں نیوی کی مہران ایوی ایشن بیس پردہشت گردوں کے مہلک حملے کے بعد بیس کے کمانڈر راجا طاہر کو عہدے سے ہٹا کر اُن کی جگہ کموڈور خالد پرویز کو یہ ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب نیوی کی سربراہی میں مختلف تحقیقاتی اداروں کے ماہرین پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم اس تمام واقعہ کی تفتیش کر رہی ہے اوریہ مطالبات بھی زور پکڑتے جا رہے ہیں کہ حفاظتی اقدامات میں غفلت برتنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

مہران بیس پر حملے کے بعد سے اب تک اس تمام واقعہ کے بارے میں حکام کی طرف سے متضاد تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔ کراچی میں متعلقہ تھانے میں درج رپورٹ کے مطابق حملہ آورروں کی تعداد اُس سے کہیں زیاد ہ تھی جس کا ذکر وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کیا تھا ۔ ان ہی تضادات کی وجہ سے مقامی میڈیا میں پاکستان نیوی کی اس انتہائی اہم تنصیب پر حملے کے بارے میں قیاس آرئیاں زور پکڑ رہی ہیں۔

بدھ کوکراچی میں انھی سرکاری تضادات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا۔ ”کوئی تضاد نہیں ہے جب انکوائری رپورٹ آئے گی وہ قوم کے سامنے پیش کر دی جائے گی ، کچھ باتیں آپ کو بتانے کی نہیں جب انکوائر ی ہو گی تو آپ کے سامنے آجائے گی“۔

مہران بیس پر حملے میں ناصر ف بحریہ اور رینجرز کے دس اہلکار ہلاک اور 15زخمی ہوئے بلکہ دہشت گردوں نے سمندری حدود کی حفاظت اور خفیہ معلومات اکٹھی کرنے والے پاکستان نیوی کے دو قیمتی جہازوں کوبھی تباہ کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG