رسائی کے لنکس

کراچی ٹیسٹ کا دوسرا دن: سری لنکا کو 23 رنز کی برتری حاصل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سری لنکا کی جانب سے 80 رنز کی سبقت کے جواب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 57 رنز اسکور کر لیے ہیں اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا ہے۔

اب سے کچھ دیر قبل کراچی ٹیسٹ کے دوسرے دن کا اختتام ہو چکا ہے۔ دوسرے دن کے اختتام پر سری لنکا کو 23 رنز کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان کے اوپنرز عابد علی اور شان مسعود اس وقت کریز پر موجود ہیں جنہوں نے بالترتیب 32 اور 21 رنز اسکور کیے ہیں۔

اس سے قبل سری لنکا نے پاکستان کے خلاف کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز پہلی اننگز میں 271 رنز بنائے تھے جس کے بعد اسے میزبان پر 80 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی تھی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا نے دوسرے روز کا کھیل 64 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کیا تو میتھیوز آٹھ اور ایمولدینیا تین رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور آگے بڑھایا اور مجموعی اسکور 78 رنز تک پہنچا تھا کہ ایمولدینیا 13 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔

کریز پر پہلے سے موجود انجیلو میتھیوز بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور وہ بھی 13 ہی رنز بنا کر شاہین شاہ کا شکار بن گئے۔

دنیش چندیمل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ سری لنکن ٹیم کھیل کے تیسرے سیشن میں 271 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد عباس نے چار اور حارث سہیل ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم کھیل کے پہلے روز 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ سری لنکا کی جانب سے لہیرو کمارا اور فرننڈو نے چار چار اور ایمولدینیا نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

یاد رہے کہ دو میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔ جو بارش اور کم روشنی کے باعث کئی بار متاثر ہوا اور بے نتیجہ ختم ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG