رسائی کے لنکس

امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کے ہاں بیٹی کی پیدائش


فائل فوٹو
فائل فوٹو

معروف امریکی گلوکارہ کیٹی پیری کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔ نومولود کا نام 'ڈیزی ڈوو بلوم' رکھا گیا ہے۔

کیٹی پیری کے ماں بننے کی خبر جمعرات کو اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

کیٹی پیری اور ان کے پارٹنر معروف اداکار اولینڈو بلوم یونیسیف کے گڈ ویل ایمبیسڈر ہیں۔

یونیسیف نے انسٹاگرام پر ایک بلیک اینڈ وائٹ پوسٹ میں نوزائدہ بچی کے ہاتھوں کی تصویر پوسٹ کی اور ساتھ لکھا کہ پرمسرت جوڑے نے یونیسیف کو بتایا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کی بحفاظت اور صحت مند آمد پر خوشی اور محبت سے جھوم رہے ہیں۔

یونیسیف کی پوسٹ میں جوڑے نے مزید کہا کہ وہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ ان کے ہاں پرامن حالات میں بچی کی پیدائش ہوئی، جس سے بہت سے خاندان محروم ہیں۔

گلوکارہ کیٹی پیری کا جمعے کو پانچواں البم بھی ریلیز ہو رہا ہے۔

کیٹی پیری اس سے پہلے ’رور‘ اور ’فائرورکس‘ جیسے مشہور گانے گا چکی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'اے پی' کو ایک حالیہ انٹرویو میں کیٹی پیری نے کہا تھا کہ کئی برسوں کے دکھ کے بعد اُنہیں اپنی مسکراہٹ واپس مل گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ "میں خودشناسی کے دور سے گزری ہوں۔ مجھے معلوم ہے کہ کس چیز کو مجھے اہمیت دینی ہے اور لوگوں سے خود کو کتنا جوڑے رکھنا ہے۔"

کیٹی پیری کے ہاں یہ پہلے بچے کی پیدائش ہے۔ ان کے پارٹنر اولینڈو بلوم نے پہلے معروف ماڈل میرانڈا کیرر کے ساتھ شادی کی تھی جن سے ان کے ہاں 2011 میں بیٹے فلین کی پیدائش ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG