رسائی کے لنکس

وراٹ کوہلی پر ان کے مداح کھل کر تنقید کرنے لگے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 15ویں ایڈیشن میں سابق بھارتی کپتان وراٹ کوہلی کے تین بار صفر پر آؤٹ ہونے پر ان کے مداحوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کی میمز وائرل ہیں اور ان کے کچھ مداح انہیں آرام کا مشورہ بھی دے رہے ہیں۔

کوہلی آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کر رہے ہیں جس کی قیادت جنوبی افریقی کرکٹر فاف ڈوپلیسی کے پاس ہے۔

اتوار کو سن رائزز حیدرآباد کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے وراٹ کوہلی میچ کی پہلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جس پر ان کے مداحوں کو شدید مایوسی ہوئی۔ کوہلی ایونٹ میں تین مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔

کوہلی کی اس کارکردگی پر انہیں مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ تھوڑے وقت کے لیے آرام کر لیں اور رواں برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے تیاری کریں۔

وراٹ کوہلی اب تک ایونٹ میں 11 میچ کھیل کر 216 رنز بنا چکے ہیں جس میں ایک نصف سینچری شامل ہے۔ ایونٹ سے قبل توقع تھی کہ کوہلی بڑی اننگز کھیلیں گے لیکن ان کی جانب سے اب تک کوئی بڑی اننگز سامنے نہیں آئی۔

سوشل میڈیا پر کوہلی کی جہاں مختلف میمز وائرل ہیں وہیں ان کے مداح انہیں حوصلہ بھی دے رہے ہیں۔

آیوش سکسینہ کہتے ہیں کوہلی کے دماغ میں کچھ غلط چل رہا ہے اور وہ پہلے جیسے نہیں رہے۔ انہوں نے کوہلی کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وراٹ کے مداح غصے سے مایوسی اور شرمندگی کے بعد بالاخر ہمدری تک پہنچ گئے ہیں۔

آیوش سکسینہ کہتے ہیں مداحوں کو کوہلی پر میمز نہیں بنانا چاہیے انہیں اس وقت سپورٹ کی ضرورت ہے۔

ایک ٹوئٹر صارف نے سابق پاکستانی فاسٹ بالر محمد آصف کی ایک ویڈیو کا ذکر کرتے ہوئے اپنے ٹّوئٹ میں کہا کہ ایک مرتبہ کسی نے کہا تھاکہ کوہلی بوٹم ہینڈ پلیئر ہے اور جب ان کی بیٹنگ پر زوال آیا تو وہ دوبارہ واپسی نہیں کر سکیں گے۔

یاد رہے کہ محمد آصف نے اپنی ایک ویڈیو میں سابق بھارتی کپتان سچن ٹنڈولکر کر اور وراٹ کوہلی کا موازنہ کیا تھا اور سچن کو کوہلی کے مقابلے میں اچھا بلے باز قرار دیا تھا۔

ادتیہ نامی ٹوئٹر صارف نے کوہلی کی خراب کارکردگی پر کہا کہ انہوں نے ایک مرتبہ پھر کامیابی سے ہماری امیدوں کو تباہ کر دیا ہے اور ہماری ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے کہا کہ ایونٹ میں کوہلی تین مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہمیں ان کی بہترین اننگز کب دیکھنے کو ملے گی؟

ایک صارف نے کہا کہ وراٹ کوہلی کو چاہیے کہ وہ دیگر کھلاڑیوں کو موقع دیں، اب وقت آ گیا ہے کہ انہیں ڈراپ کر دینا چاہیے۔

کوہلی کے ایک مداح نے لکھا کہ انہیں کچھ وقت کے لیے آرام دے دینا چاہیے تاکہ وہ ورلڈکپ میں ایک مضبوط کھلاڑی کے طور پر ابھر کر سامنے آئیں۔

نیرج کمار نے کہا کہ کوہلی کا زوال، رن مشین سے ڈک مشین۔

XS
SM
MD
LG