رسائی کے لنکس

باکسر محمد علی کی اہلیہ کی پاکستان میں پرواز


پاکستانی فضائیہ کے ایک بیان کے مطابق خلیلہ کماچو علی نے پاکستانی فضائی کے تربیتی جہاز کی پرواز کو اپنی ’’زندگی کے ناقابلِ فراموش واقعات میں سے ایک قرار دیا۔‘‘

معروف آنجہانی عالمی باکسر محمد علی کی اہلیہ خلیلہ کماچو علی نے اپنے دورۂ پاکستان کے دوران پاکستانی فضائیہ کی اصغر خان اکیڈمی کا دورہ کیا ہے۔

830 گھنٹے فلائنگ کا تجربہ رکھنے والی ہوا باز ہونے کے ناتے خلیلہ کماچو علی نے پاکستانی فضائیہ کے پرائمری فلائنگ ٹریننگ ونگ کے سُپر مشاق جہاز میں بیٹھ کر ایک تربیتی مشن میں حصہ بھی لیا۔

پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے خلیلہ کماچو علی کو اس اکیڈمی کے دورے کی دعوت دی تھی، جہاں اُنھیں مختلف شعبوں خاص طور پر فلائنگ اکیڈمی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

خلیلہ کماچو علی نے اس موقعے پر اپنے تجربات کے بارے میں بھی بات کی۔

پاکستانی فضائیہ کے ایک بیان کے مطابق خلیلہ کماچو علی نے پاکستانی فضائی کے تربیتی جہاز کی پرواز کو اپنی ’’زندگی کے ناقابلِ فراموش واقعات میں سے ایک قرار دیا۔‘‘

اُنھوں نے پاکستان میں خواتین کے اسکواش مقابلوں کا فائنل بھی دیکھا۔

باکسنگ کے سابق ’ہیوی ویٹ چیمپیئن‘ محمد علی جون 2016ء میں انتقال کر گئے تھے اور اُن کے انتقال کی خبر پر پاکستان میں بھی اُن کے مداحوں نے محمد علی کی موت کو ایک بڑا نقصان قرار دیا تھا۔

نہ صرف باکسنگ سے وابستہ کھلاڑی اور شخصیات بلکہ عام پاکستان شہری بھی محمد علی سے بہت لگاؤ رکھتے تھے۔

XS
SM
MD
LG