رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کا دورۂ پاکستان، 25 فی صد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت


نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔
نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ماہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان محدود اوورز کی کرکٹ سیریز کے دوران 25 فی صد تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے 11 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گی۔

پیر کو پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ہدایت کی ہے کہ صرف انہی افراد کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی جو کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا چکے ہیں۔

فیصلے کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول تینوں ایک روزہ میچز کے لیے 4500 جب کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے 5500 تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

سیریز کے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 17, 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 25، 26، 29 ستمبر اور یکم اور تین اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے تماشائیوں کے داخلے کی اجازت ملنے کے بعد کرکٹ بورڈ جلد ٹکٹنگ پالیسی کا بھی اعلان کر دے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کو کھیلوں کے کسی بھی ایونٹ کا حقیقی اثاثہ مانا جاتا ہے، ان کی محدود تعداد میں بھی اسٹیڈیم آمد ایونٹ کو چار چاند لگا دے گی۔

سیریز میں شرکت کے لیے مہمان ٹیم آٹھ ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گی جہاں ایک روزہ قرنطینہ کے بعد ٹیم 10 ستمبر کو ٹریننگ کا آغاز کر دے گی۔

پی سی بی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شامل تمام ارکان کو فیملیز اپنے ہمراہ لانے کی اجازت بھی دی ہے۔

دورۂ پاکستان سے قبل نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے دورے پر ڈھاکہ پہنچ چکی ہے۔

منگل کو ڈھاکہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کین ولیمسن کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کرنے والے ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ دورۂ پاکستان کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ اور سیکیورٹی ماہرین نے کلیئرنس دی ہے جس کے بعد ہم دورۂ پاکستان کے لیے تیار ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں ہم بغیر تماشائیوں کے کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔ تاہم دورۂ پاکستان کے دوران 25 فی صد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینا خوش آئند ہے۔

خیال رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے باقی ماندہ میچز کے باعث نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن، ٹرینٹ بولٹ، کائل جیمی سن اور لوکی فرگوسن پاکستان نہیں آئیں گے۔

اٹھارہ برس بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورۂ پاکستان

پاکستان میں تین مارچ 2009 کو لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کئی برسوں تک بند رہے تھے۔

البتہ 2015 میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں بتدریج بحال ہو رہی ہیں۔

اب تک زمبابوے، سری لنکا، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں جب کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا انعقاد بھی اب پاکستان میں ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG