رسائی کے لنکس

لائن آف کنٹرول فائرنگ، پاکستانی فوج کے تین اہل کار ہلاک


فائل
فائل

پاکستانی فوج کے مطابق، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی مبینہ فائرنگ سے پاک فوج کے تین اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب آج ہی کے روز پاکستانی حکام کی حراست میں موجود مبینہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرائی گئی، جبکہ ایک روز قبل بھارت نے چار اہلکاروں کے ہلاک کیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق، ’’بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوگئے‘‘۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ ’’بھارتی فوج نے یہ فائرنگ رکھ چکری، راولا کوٹ سیکٹر میں کی جس سے ایک فوجی جوان زخمی بھی ہوا‘‘۔

لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ معمول بن چکا ہے۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزی کی وجہ سے اب تک کئی عام شہری ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ بھارت کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی حکام کی جانب سے فائرنگ کی جاتی ہے اور گذشتہ روز بھی لائن آف کنٹرول کراس کرنے کے بعد بھارتی حدود میں آکر ایک میجر سمیت چار سیکیورٹی اہلکاروں کو پاکستانی حکام نے ہلاک کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG