رسائی کے لنکس

مادھوری پہلی دفعہ ڈیجیٹل سیریز میں کام کریں گی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکارہ مادھوری دکشت کرن جوہر اور امریکی کمپنی کے اشتراک سے بننے والی ڈیجیٹل سیریز میں جلوہ گر ہوں گی۔

مادھوری دکشت کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کی صف اول کی ادکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔

مادھوری دکشت کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی ڈیجیٹل سیریز میں کام کریں گی۔ جسے 'نیٹ فلیکس' پر دیکھا جا سکے گا۔

سیریز کے حوالے سے مادھوری کا کہنا ہے کہ وہ کئی دہائیوں سے فلموں میں اداکاری کررہی ہیں اور کیمرے کا سامنا کرنے کے لیے وہ ہمیشہ ہی پرجوش رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "کسی سیریز میں کام کرنے کا یہ میرا پہلا تجربہ ہے، اس لیے میں تھوڑی سی نروس بھی ہوں اور پرجوش بھی۔"

مادھوری کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیریز اور فلم کی کہانی میں اداکاروں کو فرق رکھ کر کام کرنا پڑتا ہے. کیوں کہ فلمی کہانی کو ضرورت کے مطابق فوری بدلا جاسکتا ہے لیکن سیریز میں فوری طور پر ایسا کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

سیریز فیملی سسپنس ڈرامے پر مبنی ہے جسے نیو یارک کے مصنف اور ڈائریکٹر سری راؤ نے لکھا ہے۔ سری راؤ کے کریڈٹ پر امریکی ٹیلی ویژن کے کئی ڈرامے ہیں۔ جن میں واٹ گوز آن، نائٹ شفٹ، دی بلیک ویڈو اور بالی ووڈ فلم 'بار بار دیکھو' شامل ہیں۔

شوبز میگزین 'ورائٹی' کے مطابق سیریز انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے جڑی اہم شخصیات کے گرد گھومتی ہے۔

مادھوری دکشت نے 80 کی دہائی میں فلموں میں کام کا آغاز کیا۔ 1988 میں ان کی پہلی فلم 'تیزاب' ریلیز ہوئی تھی جو میگا ہٹ ثابت ہوئی۔ اس کے بعد 1994 میں فلم 'ہم آپ کے ہیں کون' نے انڈسٹری میں ہلچل مچا دی۔

ان کی فلم 'دل تو پاگل ہے' 1997 میں ریلیز ہوئی جب کہ 2002 میں 'دیوداس' نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ یہ دونوں فلمیں مادھوری کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہوتی ہیں۔

بھارتی کی فلم انڈسٹری میں ایک عام رائے یہ ہے کہ بالی ووڈ میں شادی کے بعد ہیرویئنز کو نہ صرف کام ملنا بند ہو جاتا ہے بلکہ ان کی 'فیس ویلیو' بھی کم ہو جاتی ہے۔ البتہ فلم پنڈتوں کے مطابق مادھوری دکشت کی اہمیت ہمیشہ برقرار رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG