رسائی کے لنکس

مہوش حیات اور نک جونَس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل


پاکستانی اداکارہ مہوش حیات اور بالی وڈ ایکٹریس پریانکا چوپڑا کے شوہر نک جونَس ​کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

ابھی زیادہ دن نہیں گزرے کہ بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے کچھ ٹوئٹس کی وجہ سے پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور شاید یہی وجہ ہے کہ اب مہوش حیات اور پریانکا چوپڑا کے شوہر نک جونَس ​کی تصویر سامنے آئی تو سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

بھارتی اخبار 'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق نک جونَس ​اور مہوش حیات کی ملاقات نیویارک کے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں یو ایس اوپن کے مینز سیمی فائنل کے موقع پر ہوئی اور دونوں نے ساتھ تصویر بنوائی۔

جوں ہی مہوش حیات نے امریکی سنگر کے ساتھ اپنی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی وہ ٹاپ ٹرینڈز میں آگئی۔

'انسٹاگرام' میں اپنی پوسٹ میں مہوش حیات کا کہنا تھا کہ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں نک جونَس ​سے ملاقات ہوئی ہم دونوں میں جو چیز مشترک تھی وہ یہ کہ ہم دونوں رافیل نڈال کو سپورٹ کر رہے تھے۔

رافیل نڈال نے نہ صرف یہ میچ جیتا بلکہ فائنل جیت کر چوتھی بار یو ایس اوپن کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

مہوش حیات کی خوش قسمتی تھی کہ اس موقع پر پریانکا چوپڑا موجود نہیں تھیں۔ وہ اپنی فلم 'دی اسکائی از پنک' کی پروموشن کے لیے ٹورنٹو فلم فیسٹول میں موجود تھیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے پانچ اگست کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کی تو پریانکا چوپڑا نے بھارتی فوج کی حمایت میں 'جے ہند' کا ٹوئٹ کیا تھا۔

مہوش حیات نے پریانکا چوپڑا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اُن کے اقوام متحدہ کی خیر سگالی کے سفیر کے کردار پر بھی سوال اٹھایا تھا۔

مہوش حیات نیٹ فلِکس پر شاہ رخ خان کی پروڈیوس کی گئی سیریز 'بارڈ آف بلڈ' کو پاکستان مخالف قرار دیتے ہوئے شاہ رخ خان اور عمران ہاشمی پر بھی تنقید کرچکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG