رسائی کے لنکس

امریکہ، میکسیکو نے ملاقات منسوخ کرنے کا فیصلہ باہمی طور پر کیا: ٹرمپ


امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اُنھوں نے اور میکسیکو کے صدر انرک پینا نائٹو نے مجوزہ ملاقات باہمی رضامندی کے ساتھ منسوخ کی ہے، جس سے ٹرمپ کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان تعمیر کی جانے والی دیوار کے بارے میں اختلاف مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔

پنسلوانیا کے شہر، فلاڈیلفیا میں ری پبلیکن قانون سازوں کے اجلاس سے خطاب کے دوران، ٹرمپ نے کہا کہ اُنھوں نے میکسیکو پر واضح کر دیا ہے کہ امریکی عوام دیوار پر آنے والے اخراجات برداشت نہیں کریں گے۔

اِس سے قبل، جمعرات کے دِن میکسیو کے صدر نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے مجوزہ ملاقات منسوخ کر دی، جس کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی دیوار کے معاملے پر دوریاں بڑھنے کا خدشہ ہے۔

صدر انریک پینا نائٹا نے اِس بات کا اعلان اپنے ٹوئٹر پیغام میں کیا۔ اُنھوں نے کہا ہے کہ وہ منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں شرکت نہیں کریں گے۔

جمعرات ہی کو صدر ٹرمپ نے مشورہ دیا تھا کہ اگر پینا نائٹو سرحدی دیوار پر خرچ ہونے والی رقم کی ادائگی کرنے سے انکار جاری رکھتے ہیں، تو بہتر ہوگا کہ وہ اپنا دورہ منسوخ کردیں۔

دیوار کی تعمیر کے معاملے پر ٹرمپ کا میکسیکو کے ساتھ کافی عرصے سے اختلاف جاری ہے۔جون 2016ء میں اُنھوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران پہلی بار اعلان کیا تھا کہ وہ یہ دیوار تعمیر کریں گے، جس کے لیے میکسیکو کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ اس پر آنے اخراجات کی ادائگی کرے۔

ٹرمپ اور پینا نائٹو کی اگست میں میکسیکو میں ملاقات ہوچکی ہے، جس میں تارکینِ وطن، سرحدی دیوار اور دیگر امور پر گفتگو ہوئی تھی۔ تاہم، بعد میں، پینا نائٹو نے ٹوئٹر پر تحریر کیا تھا کہ گفتگو میں اُنھوں نے ہی یہ معاملہ اٹھایا اور ٹرمپ کو بتا دیا ہے کہ میکسیکو ادائگی نہیں کرے گا۔

اُسی ماہ کے اواخر میں، پینا نائٹو کی مقبولیت 23 فی صد سے کم ہو کر 12 فی صد تک پہنچ گئی تھی، جو میکسیکو کے کسی صدر کے لیے نچلی ترین سطح ہے۔ ادھر ٹرمپ کی مقبولیت اندازاً 45 فی صد ہے، جو کسی نئے امریکی صدر کی کم ترین سطح بتائی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG