رسائی کے لنکس

مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی فلم متنازع ہوگی؟


دنیا بھر میں پاپ میوزک کے لیے مشہور امریکہ کے گلوکار مائیکل جیکسن کی زندگی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔ اسی لیے ہالی وڈ فلم ’بوہمین ریسپوڈی‘ کے پروڈیوسر گراہم کنگ نے اُن پر فلم بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق مائیکل جیکسن کی موت کے بعد سے اب تک ان کے کاروبار کی نگرانی کرنے والی کمپنی 'جیکسن اسٹیٹ' اور پروڈیوسر گراہم کنگ کے درمیان فلم بنانے سے متعلق باقاعدہ ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جیکسن اسٹیٹ نے فلم سے متعلق ابھی کوئی بیان جاری نہیں کیا لیکن قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ کنگ، جیکسن اسٹیٹ اور مائیکل جیکسن کے اہل خانہ کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں۔

اس معاہدے کے تحت میوزک سمیت تمام قسم کے حقوق بھی گراہم کنگ کے پاس ہوں گے۔

فلم میں مائیکل جیکسن کی بطور چائلڈ اسٹار شوبز میں آمد سے لے کر گلوبل آئیکن بننے اور پھر 2009 میں ان کی موت تک تمام چھوٹے بڑے واقعات فلم کا حصہ ہوں گے۔

فلم میں مائیکل جیکسن پر بچوں سے زیادتی کے مقدمات اور 2005 میں ان الزامات سے بریت کو بھی سامنے لایا جائے گا۔

سال 2005 سے قبل مائیکل جیکسن پر 1994 میں بھی ایک 13 سالہ بچے کے ساتھ زیادتی کے الزام میں مقدمہ عدالت میں زیر سماعت رہا ہے۔

ان ہی پہلوؤں کے حوالے سے خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر یہ تمام موضوعات فلم کا حصہ ہوئے تو فلم متنازع بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

تاہم فلم بننے اور ریلیز ہونے سے پہلے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا فی الحال فلم کی شوٹنگ 2020 میں شروع ہوگی جس کے بعد 2021 میں اسے ریلیزکیا جاسکے گا۔

مائیکل جیکسن کو نیند نہ آنے کا مرض لاحق تھا جس کے لیے وہ مختلف ادوایات استعمال کرتے تھے۔ انہی دواؤں کی مبینہ طور پر زیادہ خوارک لینے کے سبب 25 جون 2009 کو ان کا انتقال ہوا۔

اس کے برعکس ان کے اہل خانے نے انہیں زہر دے کر قتل کیے جانے کے خدشات کا بھی اظہار کیا تھا۔

مائیکل جیکسن کی موت کے بعد ان کے معالج پر بھی مقدمات چلتے رہے ہیں۔

مائیکل جیکسن کو امریکہ سمیت دنیا کا معروف پاپ سنگرز اور بڑے گلوکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ متعدد عالمی ایوارڈز حاصل کر چکے تھے۔

XS
SM
MD
LG