رسائی کے لنکس

کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد فاسٹ بالر محمد عامر انگلینڈ روانہ


محمد عامر کے انگلینڈ میں بھی کرونا وائرس کے دو ٹیسٹ ہوں گے جن کا منفی آنا ضروری ہے۔ 
محمد عامر کے انگلینڈ میں بھی کرونا وائرس کے دو ٹیسٹ ہوں گے جن کا منفی آنا ضروری ہے۔ 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عامر انگلینڈ روانہ ہو گئے ہیں۔

محمد عامر کرونا وائرس کے دو ٹیسٹ منفی آنے کے بعد جمعے کی صبح لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے انگلینڈ کے لیے روانہ ہوئے ہیں جو وہاں پہنچ کر چند روز قرنطینہ میں رہنے کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔

محمد عامر کے انگلینڈ میں بھی کرونا وائرس کے دو ٹیسٹ ہوں گے جن کا منفی آنا ضروری ہے۔

یاد رہے کہ محمد عامر نے اپنے بچے کی متوقع ولادت کے باعث دورۂ انگلینڈ سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

انگلینڈ میں موجود پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رؤف کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے محمد عامر کو انگلینڈ طلب کیا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ ماہ تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔

محمد عامر ٹیسٹ کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور وہ دورۂ انگلینڈ کے دوران صرف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ محمد عامر تجربہ کار بالر ہیں اس لیے اُنہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بلایا ہے۔

اُن کے بقول محمد عامر وائٹ بال کرکٹ کا ہمیشہ سے حصہ رہے ہیں۔ اگر عامر کی کارکردگی بہتر ہوئی تو اُنہیں ٹیم میں کھلایا جاسکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG