رسائی کے لنکس

پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، پیر کو عید منائی جائے گی


جن شہروں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں ان میں کراچی، منڈی بہاؤالدین، بدین، ڈیرہ غازی خان، لاہور، ملتان، لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ اور پاک پتن شامل ہیں

پاکستان میں اسلامی مہینے ’شوال المکرم‘ کا چاند نظر آگیا ہے اور عید الفطر 26جون بروز پیر منائی جائے گی۔ اس بات کا اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نےاتوار کی رات اسلام آباد میں کیا۔

اس سے قبل انہوں نے چاند نظر آنے کے حوالے سے ملنے والی شہادتوں کا شرعی جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس وزارت مذہبی امور کی عمارت میں ہوا جس کے بعد مفتی منیب الرحمٰن نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا جسے سرکاری ٹی وی سمیت تمام نجی چینلز نےنشر کیا۔

مرکزی کمیٹی کے علاوہ دیگر شہروں میں علاقائی اور ضلعی کمیٹیوں کے بھی اجلاس ہوئے۔ کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت اسد دیوبندی نے کی۔

جن شہروں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں ان میں کراچی، منڈی بہاؤالدین، بدین، ڈیرہ غازی خان، لاہور، ملتان، لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ اور پاک پتن شامل ہیں۔

ضلعی و علاقائی کمیٹیوں کے اجلاس کا اہم فریضہ چاند نظر آنے کے سلسلے میں ملنے والی شہادتوں سے مرکزی کمیٹی کو فوری آگاہ کرنا تھا۔

اعلان کے مطابق ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ لہذا، عید الفطر پیر 26جون کو منائی جائے گی۔

محکمہ موسمیات نے اتوار کو شوال کا چاند نظر آنے کی پہلے ہی واضح پیش گوئی کر دی تھی۔ محکمے نے اپنی بات کے جواز میں کہا تھا کہ پیر کو نیا چاند 7 بج کر 29 منٹ پر پیدا ہوگا اور اتوار کی شام تک اس کی عمر 35گھنٹے ہوجائے گی اس لئے چاند دیکھنا آسان ہوگا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چاند سب سے زیادہ دیر تک بلوچستان کے علاقے جیوانی میں نظر آئے گا۔

محکمے نے اتوار کی شام ملک بھر میں مطلع صاف رہنے کی بھی پیش گوئی کی تھی جو درست ثابت ہوئی۔ 'اسپیس اینڈ پلینیٹری اسٹروفزکس'، کراچی یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر شاہد قریشی نے بتایا کہ ملک بھر میں مطلع صاف ہونے کی وجہ سے چاند واضح طور پر دیکھا گیا۔ ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب کے بعد تک چاند نظر آتا رہا جبکہ کوئٹہ، لاہور اور کچھ دیگر شہروں میں ایک گھنٹے سے بھی زیادہ مدت تک چاند نظر آنے کے واضح امکانات تھے۔

اس سے قبل مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہونا طے تھا۔ تاہم، گزشتہ رات پشاور کی مسجد قاسم علی خان کی جانب سے چاند نظر آنے اور اتوار کو صوبے بھر میں عید منانے کے اعلان کے بعد سیکورٹی خدشات پید اہوگئے تھے جس کے باعث انتظامیہ نے اتوار کو پشاور کے بجائے اسلام آباد میں اجلاس طلب کیا۔

مسجد قاسم علی خان کی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کے بعد صوبہ خیبر پختونخواہ کے متعدد علاقوں میں اتوار کو عید الفطر منائی گئی اور یوں ایک ہی ملک میں دو مختلف دن عید منانے کی روایت برقرار رہی۔ ماضی میں بھی ایسا متعدد بار ہوچکا ہے جبکہ ملک میں دو ، دو عیدیں منائی گئیں۔

بوہری برادری نے بھی اتوار کو عید منائی


دوسری جانب، اتوار کو بوہری برادری نے بھی عیدالفطر منائی۔ کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع صدر میں واقع مسجد طاہری میں ہوا۔

دنیا بھر میں آباد بوہری برادری شمسی کلینڈر کے بجائے قمری کلینڈر کے حساب سے عید مناتی ہے۔ دونوں کلینڈرز میں ایک دن کا فرق ہے اور اسی فرق کی مناسبت سے بوہری برادری عید ایک دن پہلے مناتی ہے۔

XS
SM
MD
LG