رسائی کے لنکس

کرونا وائرس کے متاثرین میں نوجوانوں کی تعداد بڑھنے لگی


امریکہ کی جنوبی ریاستوں کے حکام خبردار کررہے ہیں کہ کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد میں نوجوانوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

اس سے پہلے صحت عامہ کے ماہرین بتارہے تھے کہ عالمگیر وبا سے متاثر ہونے والوں کی بڑی تعداد معمر افراد اور ایسے لوگوں پر مشتمل ہے جو پہلے سے دائمی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ لیکن، اب فلوریڈا، جنوبی کیرولائنا، جارجیا، ٹیکساس اور دوسری ریاستوں میں مختلف صورتحال درپیش ہے۔

نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق، ٹیکساس کے گورنر گریک ایبٹ نے گزشتہ ہفتے کہا کہ کئی کاؤنٹیز میں نئے مریضوں کی اکثریت 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔ انھوں نے خیال ظاہر کیا کہ اس کی وجہ میموریل ڈے اور دوسری تقریبات میں شرکت ہوسکتی ہے۔

فلوریڈا میں گورنر رون ڈی سینٹس نے جمعے کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے نئے مریضوں کی اوسط عمر 37 سال تھی۔ ریاست میں ایک ہفتے کے دوران جتنے کیسز سامنے آئے، ان میں 62 فیصد افراد کی عمر 45 سال سے کم تھی۔

سینٹرز فور ڈیزز کنٹرول کے مطابق، کرونا وائرس کے زیادہ متاثرین معمر افراد، دائمی بیماریوں میں مبتلا لوگ، سیاہ فام اور ہسپانوی نژاد آبادی ہیں۔ وبا کے آغاز سے 30 مئی تک کے ڈیٹا سے معلوم ہوا تھا کہ وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی اوسط عمر 48 برس ہے۔

گورنر ڈی سینٹس کہتے ہیں کہ یہ رجحان تیزی سے تبدیل ہورہا ہے اور 20 سے 40 سال کی عمر کے لوگ وائرس کی زد میں آرہے ہیں۔ ان میں بیشتر میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں اور بیشتر مریضوں کو اسپتال جانے کی ضرورت بھی پیش نہیں آتی۔

انھوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ نوجوانوں کے ٹیسٹ زیادہ ہورہے ہیں اس لیے ان کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ان کے جتنے بھی ٹیسٹ ہورہے ہیں، ان میں مثبت آنے کی شرح زیادہ ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو کاروبار کھلنے کے بعد کام پر واپس آئے۔

جنوبی کیرولائنا میں محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں میں 30 سال سے کم عمر کے لوگوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ جن لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں ان میں سے 18 فیصد کی عمر 21 سے 30 سال کے درمیان ہے۔

جارجیا کے سب سے بڑے اسپتال گریڈی ہیلتھ سسٹم نے آگاہ کیا ہے کہ 20 سے 40 سال کی عمر کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ اسپتال کے ڈاکٹر رابرٹ جینسن نے کہا کہ وہ اس رجحان سے اس لیے زیادہ پریشان ہیں کہ وائرس میں مبتلا نوجوان اپنے والدین اور بزرگوں کو بھی متاثر کرسکتے ہیں۔

ٹیکساس کی گیلویسٹن کاؤنٹی میں محکمہ صحت کے ڈاکٹر فلپ کائزر نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے جن لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ان کی اوسط عمر 47 سال تھی۔ لیکن جن لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ان کی اوسط عمر 30 سال ہے۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق گزشتہ ہفتے 23 ریاستوں میں کیسز پہلے کے مقابلے میں بڑھ گئے۔ ٹیکساس اور فلوریڈا سمیت 10 ریاستوں میں نئے کیسز میں 50 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔ اور یہ وہ ریاستیں ہیں جنھوں نے دوسری ریاستون سے پہلے کاروبار کھولا۔

XS
SM
MD
LG