رسائی کے لنکس

محمد زبیر، سندھ کے 32 ویں گورنر بن گئے


انھوں نے کہا ہے کہ ’’آج کا دن میرے لئے یاد گار ہے۔ میں عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ قائد اعظم کے نقشِ قدم پر چلوں گا اور صوبے کی ترقی کے لیے کوشش کروں گا‘‘

پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے، محمد زبیر نے جمعرات کی شام سوا چار بجے گورنر ہاؤس کراچی میں صوبے کے 32ویں گورنر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

محمد زبیر کی تقریبِ حلف برداری صوبائی دارالحکومت میں ہوئی، جس میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ نےان سے حلف لیا۔

تقریب میں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما اور دیگر اہم سیاسی شخصیات موجود تھیں۔

حلف کے فوری بعد، گورنر سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ یہیں انہوں نے پہلی مرتبہ بطور گورنر میڈیا سے مختصر گفتگو کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’آج کا دن میرے لئے یادگار ہے۔ میں عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ قائد اعظم کے نقش قدم پر چلوں گا اور صوبے کی ترقی کے لیے کوشش کروں گا۔‘‘

تین ماہ کی قلیل مدت میں عہدے کا حلف لینے والے وہ دوسرے گورنر ہیں۔ اس سے قبل 11نومبر 2016 کو ریٹائرڈ جسٹس سعید الزماں صدیقی نے اپنے عہدے کا حلف لیا تھا۔ تاہم، 2 ماہ اور 2دن بعد ہی ان کا انتقال ہوگیا تھا۔

کچھ دلچسپ خبریں
پاکستان کے مقامی میڈیا میں جمعرات کو وقفے وقفے سے یہ خبریں گردش کرتی رہیں کہ نئے گورنر محمد زبیر نے حلف برداری کے لئے شیروانی سلوا لی ہے۔ اس حوالے سے الیکٹرونک میڈیا پر انہیں شیروانی سلوانے کے لئے ناپ دیتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔

ایک اور خبر کے مطابق نئے گورنر کچھ عرصے تک گورنر ہاؤس میں رہائش اختیار نہیں کر سکیں گے کیوں کہ مرحوم گورنر سعید الزماں صدیقی کی اہلیہ چار ماہ دس دن کی عدت پوری کرنے تک گورنر ہاوس کراچی میں ہی مقیم رہیں گی۔

ایک اور سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان 14 سال تک سندھ کے گورنرکے عہدے پر تعینات رہے۔ تاہم، گزشتہ سال کے آخری مہینوں میں وہ مستعفی ہوگئے۔ ان کے بعد سعید الزماں صدیقی نے 11 نومبر 2016 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ تاہم، 12 جنوری 2017 کو طویل بیماری کے سبب ان کا انتقال ہوگیا۔

XS
SM
MD
LG