رسائی کے لنکس

نیتن یاہو کے خلاف مقدمے کی کارروائی اگلے سال جنوری تک ملتوی


اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو، فائل فوٹو
اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو، فائل فوٹو

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو پر بدعنوانی کے مقدمے کی کارروائی کو عدالت نے اگلے سال جنوری تک ملتوی کر دیا ہے۔

نیتن یاہو کے وکلا نے کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر اسے چھ ماہ تک ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی، جسے عدالت نے قبول کر لیا ہے۔

کرونا وائرس کی دوسری لہر اور بڑھتی ہوئی بے روز گاری وجہ عوام موجودہ حکومت سے سخت نالاں ہیں اور آئے دن حکومت مخالف مظاہرے ہو رہے ہیں۔

یروشلم کی عدالت کے جج نے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پر بدعنوانی، فراڈ اور اعتماد کو ٹھیس پہچانے کے الزامات کے سلسلے میں شہادتوں پر جرح کو اگلے سال جنوری تک ملتوی کر دیا ہے۔ جنوری میں یہ سماعت ہفتے میں تین روز ہوا کرے گی۔

عدالت میں نیتن یاہو موجود نہیں تھے۔ ان کے وکلا نے عدالت سے التوا کی درخواست کی اور دلیل دی کہ چہروں پر ماسک پہنے ہوئے گواہوں سے جرح کرنا مشکل ہو گا۔

اسرائیلی تجزیہ کار کہتے ہیں کہ نیتن یاہو اس مقدمے کو ملتوی کرانے کی مسلسل کوشش کرتے آئے ہیں۔ اس سے پیشتر انہوں نے عدالت سے یہ درخواست کی تھی کہ انہیں اپنے دفاع کے لیے دولت مند دوستوں اور رشتہ داروں سے امداد وصول کرنے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی تھی۔

نیتن یاہو پر تین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس میں کیس چار سو خاصا سنگین ہے۔ اس کیس میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایسے ضابطوں کی منظوری دی، جس سے اسرائیل کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی کے مرکزی شئیر ہولڈر کو فائدہ پہنچا اور اس کے عوض ان کے حق میں مثبت نیوز کوریج کا انتظام کیا گیا۔

اسرائیل کے وزیر انصاف نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ کرتے ہوئے اگر مکمل لاک ڈاون کرنا پڑا تب بھی مقدمے کی کارروائی جاری رہے گی۔

اسرائیل کے ڈیموکریسی ایسٹی ٹیوٹ کے پولسٹر تامار ہرمین کہتے ہیں کہ اسرائیلی عوام کا عمومی طور سے حکومت پر سے اعتماد اٹھ چکا ہے، بالخصوص نیتن یاہو پر وہ بالکل بھروسا نہیں کرتے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کی مقبولیت کا گراف مارچ میں ساٹھ فی صد تھا جو اب گر کر صرف تیس فی صد رہ گیا ہے۔

کرونا وائرس کی دوسری لہر سے حکومت جس طرح نمٹ رہی ہے اس سے عوام سخت مایوس ہو ئے ہیں۔

گذشتہ دو ہفتوں سے تل ابیب اور یروشلم میں ہزاروں افراد نے حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔

اسرائیل میں بے روز گاری کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے اور بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے جس امداد کا وعدہ کیا تھا، وہ انہیں نہیں ملی ہے۔

XS
SM
MD
LG