رسائی کے لنکس

پاکستان آسکر ایوارڈز 2019ء کی دوڑ سے باہر


دو مرتبہ اکیڈمی ایوارڈز حاصل کرنے والی شرمین عبید چنائے (فائل فوٹو
دو مرتبہ اکیڈمی ایوارڈز حاصل کرنے والی شرمین عبید چنائے (فائل فوٹو

پاکستان کی جانب سے غیر ملکی زبان کی کیٹیگری میں نامزدگی کی غرض سے فلم ’کیک‘ کی سفارش کی گئی تھی۔

پاکستان ’اکیڈمی ایوارڈز‘ یعنی ’آسکرز‘ کی دوڑ سے ایک مرتبہ پھر باہر ہوگیا ہے۔

دوسری جانب دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ فلمیں بنانے والی بھارتی فلم انڈسٹری بھی اس بار اس اعزاز سے محروم رہی ہے اور دونوں ممالک کی کوئی بھی فلم 2019ء کے آسکرز کی نامزدگی کے لیے شارٹ لسٹ کی جانے والی فلموں میں جگہ نہیں بنا سکی ہے۔

پاکستان کی جانب سے غیر ملکی زبان کی کیٹیگری میں نامزدگی کی غرض سے فلم ’کیک‘ کی سفارش کی گئی تھی۔

فلم کی کاسٹ میں آمنہ شیخ، صنم سعید، عدنان ملک، فارس خالد، رانا ظفر، محمد احمد اور بطور مہمان اداکار میکائیل ذوالفقار شامل ہیں۔

فلم کی ہدایات عاصم عباسی نے دی ہیں۔ وہی اس فلم کے مصنف بھی ہیں جب کہ پروڈیوسر ہیں سید ذوالفقار بخاری۔ یہ فلم رواں سال مارچ میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ فلم نے دنیا بھر میں 12 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔

اس بار آسکرز میں غیر ملکی زبان کی کیٹیگری کے لیے 9 فلمیں نامزدگی کے لیے شارٹ لسٹ ہوئی ہیں لیکن ان میں بھارت اور پاکستان کی کوئی فلم شامل نہیں۔

آسکرز کی آفیشیل ویب سائٹ کے مطابق ’اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز ‘ نے جن فلموں کو غیر ملکی زبان کی کیٹیگری کے لیے شارٹ لسٹ کیا ہے، ان کے نام یہ ہیں:

جنوبی کوریا کی ’برننگ‘، جرمنی کی ’نیور لک اوے‘، جاپان کی ’شاپ لفٹرز‘، کازغستان کی ’آئکا‘، لبنان کی ’کیپرینم‘، میکسیکو کی ’روما‘، کولمبیا کی ’برڈ آف پسیج‘، ڈنمارک کی ’دی گلٹی‘ اور پولینڈ کی ’کولڈ وار۔‘

آسکر ایوارڈ کی اپنی مثال آپ کہی جانے والی سالانہ رنگا رنگ تقریب اتوار، 24 فروری 2019ء کو ہالی ووڈ کے ڈولبی تھیٹر میں ہوگی جب کہ آسکر ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان 22 جنوری 2019ء کو کیا جائے گا۔

تقریب امریکی ٹی وی 'اے بی سی' ٹیلی ویژن نیٹ ورک سے نشر ہوگی جسے دنیا بھر میں براہِ راست دیکھا جاسکے گا۔

XS
SM
MD
LG