رسائی کے لنکس

بیلسٹک میزائل پروگرام میں مزید ترقی ہوئی ہے: شمالی کوریا

ایک شخص ٹیلی وژن کے سامنے سے گزر رہا ہے جس میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو دکھایا جارہا ہے۔
ایک شخص ٹیلی وژن کے سامنے سے گزر رہا ہے جس میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو دکھایا جارہا ہے۔

شمالی کوریا نے یہ دعویٰ ایسے وقت کیا ہے جب حال ہی میں امریکہ اور جنوبی کوریا نے مشترکہ جنگی مشقیں ختم کی ہیں اور اقوام متحدہ نے شمالی کوریا کی طرف سے جوہری اور میزائل تجربات کرنے پر اس کے خلاف پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس نے ٹھوس ایندھن کے ایک راکٹ انجن کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو جنوبی کوریا اور امریکہ تک مار کرنے والے طویل فاصلے کے میزائلوں کی تیاری میں ایک اہم قدم ہو گا۔

شمالی کوریا کی سرکاری کوریئن سنٹرل نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ کِم جونگ اُن تجربے کے وقت وہاں موجود تھے جو ان کے بقول ’’دشمنوں کے دلوں میں خوف و ہراس پیدا کرے گا۔‘‘

ٹھوس ایندھن کا استعمال میزائل داغنے کی تیاری کے وقت کو کم کرتا ہے، میزائلوں کی نقل و حمل میں آسانی پیدا کرتا ہے اور انہیں مائع ایندھن والے راکٹوں کے مقابلے میں زیادہ قابل بھروسہ بناتا ہے۔

پیانگ یانگ نے اپنے جوہری ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائل پروگراموں میں پیش رفت کے کے بارے میں ماضی میں بھی ایسے دعوے کیے تھے۔

تاہم جنوبی کوریا اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے بیشتر دفاعی تجزیہ کاروں نے اس دعوے کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے کہ شمالی کوریا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل بنائے ہیں۔

شمالی کوریا نے یہ دعویٰ ایسے وقت کیا ہے جب حال ہی میں امریکہ اور جنوبی کوریا نے مشترکہ جنگی مشقیں ختم کی ہیں اور اقوام متحدہ نے شمالی کوریا کی طرف سے جوہری اور میزائل تجربات کرنے پر اس کے خلاف پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

شمالی کوریا نے جنوب کے خلاف ایک بڑا حملہ کرنے کی بھی دھمکی دی اور گزشتہ ہفتے کے دوران طویل اور کم فاصلے پر مار کرنے والے کئی میزائل داغے۔

ادھر جنوبی کوریا کی صدر پارک گیئون ہئی نے شمالی کوریا کی طرف سے کسی بھی اشتعال انگیزی سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی چوکس کرنے کا حکم دیا ہے۔

چین کے نائب وزیر خارجہ لی باؤڈونگ نے جمعرات کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ صدر شی جنپنگ اگلے ہفتے واشنگٹن میں جوہری کانفرنس کے موقع پر شمالی کوریا کی جوہری صورتحال پر صدر براک اوباما سے بات کریں گے۔

XS
SM
MD
LG