رسائی کے لنکس

کوئٹہ: مسجد میں دھماکے سے تین افراد ہلاک، متعدد زخمی


پاکستان کے شہر کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد کی ایک مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں امام مسجد سمیت تین افراد ہلاک اور کم از کم 20 نمازی زخمی ہو گئے ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے رہائشی علاقے پشتون آباد میں رحمانیہ مسجد کے اندر نمازِ جمعہ سے قبل محراب کے قریب رکھے گئے دیسی ساختہ بارودی مواد میں ہوا۔

دھماکے کے بعد پولیس، ایف سی اور دیگر اداروں کے اہل کار موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے واقعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔

ایک عینی شاہد مطیع اللہ نے بتایا ہے کہ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے لوگ مسجد آ رہے تھے اور امام مسجد جمعے کا خطبہ دے رہے تھے کہ اس دوران زوردار دھماکہ ہوا۔

دھماکے کے زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں دو سے اڑھائی کلو گرام بارود استعمال کیا گیا۔ تاحال دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔

حالیہ کچھ عرصے میں بلوچستان میں پرتشدد کارروائیوں اور حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

چند روز قبل کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن کی ایک مسجد کے قریب بم حملے میں پانچ پولیس اہل کار ہلاک ہو گئے تھے۔ اس سے قبل ضلع ہرنائی میں ایف سی کی گاڑی پر حملے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

رواں ماہ ہی گوادر میں ایک ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے میں حملہ آوروں سمیت پانچ افراد مارے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG