رسائی کے لنکس

پاک افغان کشیدگی کی جھلک کرکٹ میں بھی


اسٹیڈیم کے اندر پاکستان اور افغانستان کے تماشائیوں کے درمیان جھڑپ کا ایک منظر
اسٹیڈیم کے اندر پاکستان اور افغانستان کے تماشائیوں کے درمیان جھڑپ کا ایک منظر

آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان نے سنسی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو تین وکٹوں سے شکست دیدی لیکن اس میچ میں دلچسپ مقابلے کے ساتھ شائقین کرکٹ کی ہنگامہ آرائی بھی موضوع بحث بنی رہی۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو کے مطابق دونوں ممالک کے شائقین کے مابین گراؤنڈ کے اندر اور باہر لڑائی، ہاتھا پائی اور تلخ کلامی کے واقعات سامنے آئے۔

لیڈز میں میچ شروع ہونے سے قبل گراؤنڈ کے باہر پاکستان اور افغانستان کے کرکٹ شائقین کے درمیان لڑائی جھگڑے کو روکنے کے لیے سیکورٹی اہل کار سرگرم تھے۔

میچ کے دوران بھی گراؤنڈ میں موجود تماشائی ایک دوسرے پر مکے برساتے دکھائی دیے جبکہ جملے بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا، بعض شائقین ایک دوسرے پر پانی کی بوتلیں اور دیگر اشیا بھی پھینکتے رہے۔

ہنگامہ آرائی میں ملوث متعدد شائقین کو سیکورٹی اہل کاروں نے گراؤنڈ سے باہر بھی نکال دیا تھا۔

میچ کے اختتام پر بھی متعدد شائقین حفاظتی حصار توڑتے ہوئے گراؤنڈ میں داخل ہو گئے اور کھلاڑیوں کی طرف بھاگنے لگے۔

آئی سی سی کے ترجمان نے پاکستان اور افغانستان کے میچ کے دوران بدنظمی اور لڑائی جھگڑوں کے واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ ایسے واقعات کے تدارک کے لیے گراؤنڈ سیکورٹی اور مقامی پولیس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

پاکستان اور افغانستان کے مابین کشیدہ تعلقات کی جھلک اس کرکٹ میچ میں بھی دکھائی دی۔ کرکٹ ماہرین اس میچ کو شائقین کے ردعمل کے حوالے سے برے میچوں میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان اس میچ سے قبل تین ایک روزہ میچ کھیلے جا چکے ہیں جس میں پاکستان کامیاب رہا ہے۔

افغانستان میں گزشتہ سالوں میں کرکٹ کو کافی فروغ ملا ہے اور اب افغان عوام میں بھی یہ کھیل مقبول ہو رہا ہے۔

جہاں بعض شائقین نے اس میچ میں بدنظمی پیدا کرنے کی کوشش کی وہیں کچھ نے دونوں ممالک کے درمیان عزت و احترام اور محبت کا پیغام دیتے بھی دکھائی دیے۔

بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے اور کھیل کو تفریح کے طور پر ہی دیکھنا چاہئے۔

میچ کے دوران سٹیڈیم میں تناؤ کی سی صورتحال تھی ایسے میں اسٹیڈیم میں موجود ایک شخص نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنے اہلخانہ کو اپنے محفوظ ہونے کا پیغام دیا۔

صارف سید سرمد نے لکھا کہ ’میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والی ہنگامہ آرائی میں محفوظ ہوں۔'

میچ کے دوران اسٹیڈیم کے اوپر ایک چھوٹا جہاز پرواز کرتا ہوا گیا جس پر ایک بینر لگا تھا۔ بینر پر ’جسٹس فار بلوچستان‘ کےالفاظ درج تھے۔

ٹوئٹر پر کئی صارفین نے اس جہاز کی ویڈیو بھی شیئر کیں۔

ایک صارف نے کہا کہ ’اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ ایک جہاز جس پر ’جسٹس فار بلوچستان‘ کا بینر تھا میچ کے دوران اسٹیڈیم پر سے گزرا۔ جو لوگ اس کے پیچھے ہیں سب کو معلوم ہے لیکن مقامی انتظامیہ کو اس طرح کے واقعات کا سراغ لگانا چاہیے۔‘

ٹوئٹر پر کئی صارف افغانستان کی جانب سے اچھی کرکٹ کھیلنے پر انھیں داد بھی دی۔

ایک صارف نے میچ کے بعد افغانستان کی ٹیم کے کپتان گلبدین نائب کی پریس کانفرنس کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انھوں نے شائقین سے درخواست کی تھی کہ یہ محض ایک کھیل ہے۔

XS
SM
MD
LG