رسائی کے لنکس

تیسرا ٹی 20: آسٹریلیا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آخری میچ پرتھ میں کھیلا گیا جس میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 106 رنز اسکور کیے تھے جب کہ آسٹریلیا کو جیت کے لیے 107 رنز درکار تھے۔ آسٹریلیا نے یہ ہدف بغیر کسی نقصان کے 11.5 اوورز میں پورا کرتے ہوئے میچ کے ساتھ سیریز بھی جیت لی ہے۔

پاکستان کے بالنگ اٹیک کا سامنا کرتے ہوئے آسٹریلوی بلے بازوں نے 9 اعشاریہ 21 کی اوسط سے رنز بنائے جب کہ ان کے دونوں اوپننگ بیٹسمین ناقابلِ شکست رہے۔ کپتان ایرون فنچ نے 52 رنز اسکور کیے جن کے ساتھ کھیلتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے 48 رنز اسکور کیے۔

اس سے قبل پاکستان کی بیٹنگ لائن آسٹریلوی بالرز کے سامنے مشکلات کا شکار دکھائی دی اور وقفے وقفے سے مسلسل وکٹیں گرتی رہیں۔ مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر پاکستان ٹیم 106 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی جب کہ اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

پاکستانی بیٹنگ لائن کے ٹاپ اسکورر افتخار احمد رہے جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 37 گیندوں کا سامنا کیا اور 45 رنز بنائے۔ افتخار کے علاوہ امام الحق 14 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے جب کہ ان دو کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔

آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، امام الحق، وکٹ کیپر بیٹس مین محمد رضوان، حارث سہیل، خوشدل خان، عماد وسیم اور شاداب خان شامل ہیں جب کہ محمد عامر اور محمد حسنین ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔

آسٹریلیا کی جانب سے 3 وکٹیں کین رچرڈسن نے حاصل کیں جب کہ دو دو وکٹیں مچل اسٹارک اور شان ایبٹ کے حصے میں آئیں۔ ایشٹون ایگر بھی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں ٹاس جیت کر آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پرتھ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ فخر زمان، آصف علی، محمد عرفان اور وہاب ریاض کی جگہ امام الحق ،خوشدل شاہ، محمد حسنین اور موسٰی خان کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کو دوسرے ٹی ٹونٹی میں سات وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جب کہ سیریز کے پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تھا۔

پاکستان کو ٹی 20 کرکٹ میں عالمی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے کامیابیوں کی ضرورت ہے۔ ماہرین کے مطابق پرتھ کی وکٹ تیز بالرز کے لیے سازگار ہے۔

پاکستان ٹیم: امام الحق، بابر اعظم، محمد رضوان، حارث سہیل، افتحار احمد، خوشدل شاہ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، محمد حسنین، محمد موسی۔

آسٹریلیا ٹیم: ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، بین مکڈرمٹ، اشتون ٹرنر، اللیکس کیری، اشٹون ایگر، شان ایبٹ، مچل اسٹارک، کین رچرڈسن اور بلی استینلیک۔

XS
SM
MD
LG