رسائی کے لنکس

پاکستان نے چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی


پاکستان کے اوپننگ بلے باز عابد علی کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان کے اوپننگ بلے باز عابد علی کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کو چٹاگانگ ٹیسٹ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

میچ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان کو جیت کے لیے 93 اور میزبان ٹیم کو دس وکٹیں درکار تھیں۔ اوپننگ بلے باز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ پر 151 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے جیت یقینی بنا لی۔

عابد علی نے دوسری اننگز میں 91 اور عبداللہ شفیق نے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابر اعظم اور تجربہ کار بلے باز اظہر علی نے اننگز کا اختتام کیا۔

شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر عابد علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 224 رنز بنائے۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 330 اور دوسری اننگز میں 157 رنز بنائے تھے جب کہ مہمان ٹیم 286 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے پہلی اننگز میں 114 اور دوسری اننگزمیں 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ میزبان ٹیم کے اسپنر تیج الاسلام کامیاب بالر رہے جن کی گھومتی ہوئی بالنگ نے پاکستانی بلے بازوں کو پریشان کیا۔ تیج نے پہلی اننگز میں سات اور دوسری میں ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کے کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو عابد علی کامیاب ترین بلے باز ثابت ہوئے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 133 اور دوسری میں 91 رنز کی اننگز کھیلی۔ اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے دونوں اننگز میں نصف سینچریاں بنائیں۔

بابر الیون کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر سات سات وکٹیں حاصل کیں۔

XS
SM
MD
LG