رسائی کے لنکس

کنٹرول لائن پر فائرنگ، تین پاکستانی فوجیوں سمیت 5 افراد ہلاک


لائن آف کنٹرول کے قریب ایک بنکر میں ایک پاکستانی فوجی نگرانی کر رہا ہے۔ فائل فوٹو
لائن آف کنٹرول کے قریب ایک بنکر میں ایک پاکستانی فوجی نگرانی کر رہا ہے۔ فائل فوٹو

پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ یا آئی ایس پی آر کے مطابق جنگ بندی لائن کے لیپہ سیکٹر میں بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے تین پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے دعویٰ کیا ہے جوابی کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے۔​

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورت حال سے دنیا کی توجہ ہٹانے لیے جنگ بندی لائن پر گولہ باری کر رہا ہے ​

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکام نے بتایا ہے کہ جنگ بندی لائن کے بٹل سیکٹر میں بھارتی گولہ باری سے دو شہری ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

دونوں علاقوں میں فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور لوگ محفوظ مقامات پر پناہ لے رہے ہیں۔

بھارت کے یوم آذادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے جمعرات کے روز پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام میں منعقد ایک ریلی سے خطاب کرتے ہیں تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ دنیا کو کشمیر کی صورت حال کا ادراک کرنا ہو گا۔

پاکستانی کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں تاجر تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے الگ الگ ریلیاں اور مظاہرے کئے گئے۔

مظاہرین نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر سیاہ جھنڈوں کے ساتھ سڑکوں پر مارچ کیا اور فضا میں سیاہ غبارے چھوڑے۔

پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر کے علاوہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے لندن میں بھارتی سفارت خانے کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

XS
SM
MD
LG