رسائی کے لنکس

بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، عام شہریوں کی ہلاکتوں پر احتجاج


اسلام آباد میں واقع دفتر خارجہ
اسلام آباد میں واقع دفتر خارجہ

پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ورکنگ باونڈری پر سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں پر شديد احتجاج کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو دفتر خارجہ طلب کیا اور گذشتہ روز ورکنگ باونڈری پر فائرنگ سے پاکستانی شہریوں کی ہلاکتوں پر اپنا شديد احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایک احتجاجي مراسلہ بھارتی ہائی کمشنرگوتم بمبا والے کے حوالے کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے خواتین سمیت 6 شہری ہلاک ہوئے۔ نہتے شہریوں پر بھارتی فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ بھارت اپنی فورسز کو سیز فائر معاہدے کے احترام کا پابند کرے۔

گذشتہ روز سے ورکنگ باونڈری پر مبینہ بھارتی فائرنگ ہوئی جس سے اب تک 4 خواتین سمیت 6 افراد ہلاک جبکہ 26 زخمی ہو گئے ہیں۔

اس معاملہ پر پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ بھی ہوا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے اس حوالے سے پاکستان نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ورکنگ باونڈری پرسیالکوٹ اور پسرور کے قریب چارواہ اور ہرپال سیکٹر میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔

پاک فوج کا دعویٰ ہے کہ اس دوران مارٹر گولے اور بھاری ہتھیاروں کے ذریعے عام شہریوں پر گولہ باری کی گئی جن کی زد میں آکر 6 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG