رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی: بارودی مواد میں دھماکے ’پانچ جنگجو‘ ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

خیبر ایجنسی کے اس دور افتادہ علاقے میں طالبان اور دیگر شدت پسند تنظیموں کے جنگجو سرگرم ہیں اور اُن کے ٹھکانے بھی موجود ہیں۔

افغان سرحد سے محلقہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں حکام کے مطابق عسکریت پسندوں کی ایک پناہ گاہ میں بارودی مواد کے دھماکے سے پانچ مشتبہ جنگجو ہلاک جب کہ اُن کے کئی ساتھی زخمی ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق یہ دھماکا خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ کے علاقے راج گل میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ٹھکانے میں ہوا۔

دھماکے کے محرکات یا اس بارے میں مزید مصدقہ معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں، کیوں کہ وادی تیراہ تک صحافیوں کو رسائی حاصل نہیں۔

خیبر ایجنسی کے اس دور افتادہ علاقے میں طالبان اور دیگر شدت پسند تنظیموں کے جنگجو سرگرم ہیں اور اُن کے ٹھکانے بھی موجود ہیں۔

حالیہ مہینوں میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز جیٹ طیاروں کی مدد سے یہاں شدت پسندوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بناتی آئی ہیں جن میں حکام کے مطابق درجنوں جنگجو مارے جا چکے ہیں۔

اُدھر اطلاعات کے مطابق قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سڑک میں نصب دیسی ساخت کے ایک بم دھماکے کی زد میں آکر سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔

سکیورٹی فورسز کے اہلکار علاقے سے بارودی سرنگوں کو صاف کرنے میں مصروف تھے کہ یہ دھماکا ہوا۔ زخمی اہلکاروں کو فوج کے زیر انتظام ایک اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پاکستانی فوج نے 15 جون کو شمالی وزیرستان میں ملکی اور غیر ملکی دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن ’ضرب عضب‘ شروع کیا تھا۔ اب تک حکام اس قبائلی علاقے میں بم بنانے کی متعدد فیکٹریوں کو بھی تباہ کر چکے ہیں جب کہ بھاری مقدار میں قبضے میں لیا گیا بارودی مواد ناکارہ بنانے کا کام بھی جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG