رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 59 افراد ہلاک


پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات اور کیسز کی تعداد میں غیر معمولی اضافے اور کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کو 60 اور بدھ کو دوگنا سے زیادہ یعنی 148 اموات کے بعد جمعرات کو نصف سے کم یعنی 59 اموات رپورٹ ہوئیں۔

24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 18 ہزار ٹیسٹ کیے گئے اور 2200 مثبت آئے۔ ان میں دارالحکومت اسلام آباد اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے اعدادوشمار شامل نہیں ہیں۔ چند دن پہلے تک دن بھر میں اوسطاً 30 ہزار ٹیسٹ کیے جارہے تھے۔ لیکن، نامعلوم وجوہ پر ان کی تعداد کم کردی گئی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق، جمعرات کو صوبے میں صرف 546 کیسز سامنے آئے اور 27 مریضوں کا انتقال ہوا۔ ایک دن پہلے صوبے میں 82 اموات ہوئی تھیں جو ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد تھی۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق 1098 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور 17 مریض دم توڑ گئے۔ خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق 416 افراد وائرس میں مبتلا ہوئے اور 10 اموات ہوئیں۔

بلوچستان میں 129 ٹیسٹ مثبت آئے اور ایک مریض چل بسا۔ اسلام آباد کی انتظامیہ نے ہلاکتوں کے اعدادوشمار میں 4 اموات کا اضافہ کیا۔ گلگت بلتستان میں کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا لیکن 33 نئے کیسز کا علم ہوا۔

ملک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3962 اور صحت یاب ہوجانے والوں کی تعداد 83704 ہے۔ سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 1629 اور سب سے زیادہ شفایاب سندھ میں 40696 ہیں۔

پاکستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 195192 ہوچکی ہے جو دنیا میں 12ویں بڑی تعداد ہے۔ میکسیکو میں مریضوں کی تعداد 196847، جرمنی میں 193465 اور ترکی میں 193115 ہے۔

XS
SM
MD
LG