رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 75 افراد ہلاک، 4 ہزار نئے کیسز


پاکستان میں بدھ کو کرونا وائرس سے مزید 75 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ 4110 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

ان میں دارالحکومت اسلام آباد اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے اعدادوشمار شامل نہیں اس لیے اموات اور کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 1478 افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ 22 مریض دم توڑ گئے۔ 778 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔ محکمہ سندھ صحت کا کہنا ہے کہ دن بھر میں 2139 کیسز کی تصدیق ہوئی اور 29 جانیں ضائع ہوگئیں۔ 1703 افراد کو شفا مل گئی۔

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق 340 نئے مریضوں کا علم ہوا اور 22 افراد کا انتقال ہوگیا۔ صوبے میں 517 مریض تندرست ہوگئے۔ بلوچستان میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا؛ لیکن 132 نئے مریضوں کا پتا چلا۔ دوگنا سے زیادہ یعنی 280 مریضوں کو صحت مل گئی۔

گلگت بلتستان میں 21 افراد وائرس میں مبتلا ہوئے جبکہ دو مریض چل بسے۔ 18 افراد نے وائرس کو شکست دے دی۔ بدھ کو مجموعی طور پر 3296 افراد کے صحت یاب ہونے کی خبر ملی جس کے بعد کل تعداد 104098 تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 217597 ہوچکی ہے، جبکہ 4470 اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔ وبا سے متاثر ہونے والے ملکوں میں کیسز کی تعداد کے اعتبار سے پاکستان کا 12واں نمبر ہے۔

پاکستان میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ دو ہفتے پہلے کے مقابلے میں کم کیے جارہے ہیں۔ لیکن ان کی مجموعی تعداد 13 لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ زیادہ ٹیسٹ کیے جائیں تو وائرس کے پھیلاؤ کے بارے میں جاننے اور اسے روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔

دنیا بھر میں بدھ تک ایک کروڑ 17 لاکھ افراد وبائی بیماری کا شکار ہوچکے تھے جن میں سے 5 لاکھ 16 ہزار سے زیادہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ امریکہ ساڑھے 27 لاکھ کیسز اور ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ اموات کے ساتھ سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔

XS
SM
MD
LG